ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ، بنگلہ دیش نے نیدرلینڈز کو 25 رنز سے شکست دیدی، شکیب الحسن کی شاندار پرفارمنس

اے پی پی  |  Jun 13, 2024

کنگسٹن۔13جون (اے پی پی):آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ میں بنگلہ دیش نے نیدرلینڈز کو 25 رنز سے شکست دے دی، بنگلہ دیش کے 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا پائی، شکیب الحسن نے 46 بالوں پر 64 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بدھ کو ارنوس ویلے گرائونڈ کنگسٹن سینٹ ونسنٹ میں کھیلے گئے 27ویں میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،

بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، آل رائونڈر شکیب الحسن نے 46 بالوں پر 64 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، اوپنر تنزید حسن نے 35 اور محمد اللہ نے 25 رنز بنائے جبکہ جاکر علی 14 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ نیدرلینڈز کی طرف سے آریان دت اور پال وان میکیرن نے دو دو جبکہ ٹم پرینگل نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ نیدرلینڈز کی ٹیم بنگلہ دیش کا 160 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا سکی، سائبرینڈ انگلبریچٹ 33، وکرمجیت سنگھ 26، کپتان سکاٹ ایڈورڈز 25 اور مائیکل لیویٹ 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بنگلہ دیشی بائولر رشاد حسین نے 33 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں، تسکین احمد نے دو جبکہ مستفیض الرحمان، تنزیم حسن شکیب اور محمد اللہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس فتح کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم گروپ ڈی کے پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More