لاہور۔13جون (اے پی پی):الحمرا آرٹس کونسل میں جمعرات کے روز دو روزہ عید میلہ کا آغاز ہوگیا، عید میلہ کا افتتاح ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا سارہ رشید نے جمعرات کے روزکیا،سارہ رشید نے میلے میں لگائے گئے سٹالز دیکھے،مختلف روایتی اشیا میں خصوصی دلچسپی کا اظہار بھی کیا،اپنے تاثرات میں ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمرا نے کہا کہ میلے کا مقصد عوام کو معیاری تفریح سہولیات فراہم کرنا ہے،عوام کی عید کا مزہ دوبالا ہوگا۔الحمرا آرٹس کونسل کے ترجمان کے مطابق میلہ میں ملک کے مشہور و معروف گلوکار پرفارم کریں گے،الحمرا آ رٹ اور آرٹسٹ کی ترقی، تربیت اور ترویج میں بے مثال ادارہ ہے،پہلے دن ملک پاکستان کے معروف کلاسیکل گھرانوں کے موسیقاروں نے کلاسیکل موسیقی سے پروگرام کو تقویت بخشی،استاد شفقت علی خان ، استاد نادر علی خان ، چاند، سورج علی خان اور عارص علی خان جیسے نامور موسیقاروں نے الحمرا ہال I کے اسٹیج کو رونق بخشی، عارص علی خان نے پروگرام کی شروعات راگ ایمن میں من کنتم مولا پڑھ کر کیا،شام چوراسی گھرانے کے روشن چراغ نادر علی خان نے راگ درباری میں خیال پیش کیا،چاند علی خان اور سورج علی خان نے اپنے والد اور معروف استاد حسین بخش گلو کو خراج تحسین پیش کیا،چاند علی خان اور سورج علی خان نے اپنے روایتی انداز میں راگ چندر کوس دس ماترے میں پیش کیا،پیش کیا جانے والا ہر کلام ہر سرگم،کافی، ٹھمری سمیت کلاسیکل کی دیگر اصناف کو شاندار طریقے سے پرفارم کیا گیا،سازندوں کی اعلی ٰکارکردگی نے شرکا سے خوب داد سمیٹی،معروف کمپیئر ریاض علی خان نے ہوسٹ کے فرائض سر انجام دئیے،شرکا نے کہا کہ الحمرا عوامی تفریح کے پروگرام کے انعقاد میں اپنا ثانی نہیں رکھتا،میلہ دو روز جاری رہے گا،عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔