برلن۔13جون (اے پی پی):یونین آف یورپین فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوئیفا یورو فٹ بال چیمپئن شپ کل( جمعہ)سے 14 جولائی تک جرمنی میں کھیلی جائے گی ، 24 مختلف ممالک کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔چیمپئن شپ کا پہلا میچ جمعے کو گروپ اے کی ٹیموں میزبان جرمنی اور سکاٹ لینڈ کے درمیان میونخ کے مقام پر کھیلا جائے گا۔یوئیفا یورو فٹ بال چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی 24 ٹیموں میں میزبان جرمنی،سکاٹ لینڈ،ہنگری،سوئٹزرلینڈ،سپین،کروشیا،اٹلی،البانیہ،سلووینیا،ڈنمارک،سربیا،انگلینڈ،پولینڈ،نیدرلینڈز،آسٹریا،فرانس،بیلجیم،سلوواکیہ،رومانیہ،یوکرین،ترکی،جارجیا،پرتگال اورجمہوریہ چیک شامل ہیں۔یوئیفا یورو فٹ بال چیمپئن شپ کے تمام میچز جرمنی کے دس مختلف سٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے جن میں دارالحکومت برلن ،میونخ ،ڈورٹمنڈ ،سٹٹ گارٹ،گیلسن کرچن،فرینکفرٹ،ہیمبرگ، لیپزگ،ڈسلڈورف اور کولون شامل ہیں۔یوائیفا یورو فٹ بال چیمپئن شپ 2024 کے لیے منتخب کیے گئے جرمنی کے دس مقامات میں سے 9 پر 2006 کے فیفا ورلڈ کپ کے میچز کھیلےجا چکے ہیں۔یوائیفا یورو فٹ بال چیمپئن شپ میں شامل 24 ٹیموں کو 6 مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے مطابق گروپ اےمیں میزبان جرمنی،سکاٹ لینڈ،ہنگری اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں،گروپ بی میں سپین،کروشیا،اٹلی اور البانیہ کی ٹیم کو رکھا گیا ہے،گروپ سی میں سلووینیا،ڈنمارک،سربیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں،گروپ ڈی میں پولینڈ،نیدرلینڈز،آسٹریا اور فرانس کی ٹیم کو رکھا گیا ہے،گروپ ای میں بیلجیئم ،سلوواکیہ،رومانیہ اور یوکرین کی ٹیمیں شامل جبکہ گروپ ایف میں ترکی،جارجیا،پرتگال اور جمہوریہ چیک کی ٹیمیں شامل ہیں۔16 ٹیمیں گروپ میچز میں سےناک آئوٹ رائونڈ ٹاپ 16 رائونڈ کے لئے کوالیفائی کریں گی۔چاروں کوارٹر فائنل میچز 5 اور 6 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔چیمپئن شپ کا پہلا سیمی فائنل میچ 9 جولائی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 10 جولائی کو کھیلا جائے گا۔چیمپئن شپ کا فائنل میچ 14 جولائی کو جرمنی کے دارا لحکومت برلن میں کھیلا جائے گا۔