ویسٹ انڈیز کی ٹیم آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ۔8 مرحلے میں داخل

اے پی پی  |  Jun 13, 2024

جمیکا۔13جون (اے پی پی):آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے شیرفین ردرفورڈعمدہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے ہرا کر سپر ایٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا،

فاتح ٹیم کی جانب سے ملنے والا150 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ کی ٹیم حاصل کرنے میں ناکام رہی،ویسٹ انڈیز کے شیرفین ردرفورڈنے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

جمعرات کو برائن لارا اسٹیڈیم، تاروبا، ٹرینیڈاڈا میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 26 ویں میچ میں گروپ سی کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔

میزبان ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے ، شیرفین ردرفورڈ نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 68 رنز کی اننگز کھیلی،شیرفین ردرفورڈ کی دھواں دار اننگز میں 6 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔دیگر بیٹرز میں نکولاس پوران 17، عقیل حسین 15، آندرے رسل 14 اور روماریو شیفرڈ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ 5 کھلاڑی ڈبل فگر تک بھی نہ پہنچ سکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3، ٹم سائوتھی اور لوکی فرگوسن نے دو، دو جبکہ جیمز نیشم اورمچل سینٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں کیوی ٹیم ویسٹ انڈیز کی جانب سے ملنے والا 150 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بناسکی۔نیوزی لینڈ کے بیٹر گلین فلپس 33 گیندوں پر 40 رنز بناکر نمایاں رہے، فن ایلن نے 26 رنز بنائے جبکہ مچل سینٹنر نے ناقابل شکست 21 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کے 5کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

یوں ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے سپر ایٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف نے 4، گڈاکیش موتی نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عقیل حسین اور آندرے رسل نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

گروپ سی میں ویسٹ اندیز نے مسلسل تیسری فتح حاصل کرکے سپر۔8میں کوالیفائی کرلیا ہے جبکہ افغانستان 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور یوگینڈا 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔شیرفین ردرفورڈمیچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More