ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ، بھارت نے امریکہ کو شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

اے پی پی  |  Jun 12, 2024

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت نے امریکہ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا، بھارت نے یو ایس اے 111 رنز کا ہدف 18.2 اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا، سوریا کمار یادیو نے ناقابل شکست نصف سنچری سکور کی، فاسٹ بائولر ارشدیپ سنگھ کو 9 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

بدھ کے روز نیویارک کے نسائو کائونٹی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے 25ویں میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، امریکہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے، سٹیون ٹیلر نے 24 اور نتیش کمار نے 27 رنز کی قابل ذکر اننگز کھیلی، دیگر بیٹرز میں کورے اینڈرسن15نے ، ہرمیت سنگھ 10 اور شیڈلے وان شالکویک 11 رنز بنائے۔ بھارت کے ارشدیپ سنگھ نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 4 وکٹیں حاصل کرکے امریکہ کو کم ٹوٹل تک محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ہارڈک پانڈیا نے 2 اور اکشر پٹیل نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بھارت نے بیٹنگ کرتے ہوئے امریکہ کا 111 رنز کا ہدف 18.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ سوریا کمار یادیو نے 49 بالوں پر 50 اور شیووم دوبے نے 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کپتان روہت شرما 3 اور ویرات کوہلی بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔ امریکی فاسٹ بائولر سوربھ نٹوالکر نے دو اور علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ گروپ اے میں بھارت نے مسلسل تیسری فتح حاصل کرکے سپر ایٹ میں کوالیفائی کرلیا ہے جبکہ امریکہ 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور پاکستان 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More