لاہور۔12جون (اے پی پی):چیئرمین بورڈ آف گورنرز لاہور آرٹس کونسل الحمرا رضی احمد نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادبی و ثقافتی ترقی کے لئے نئی راہیں تلاش کر رہے ہیں،کلچرل پروگرامز کا دائرہ کار گراس روٹ لیول تک لے جایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ معدوم ہوتے ہوئے موسیقی کے آلات کی بحالی پر کام کر رہے ہیں۔ایگزیکٹوڈائریکٹر سارہ رشید نے اجلا س میں بتایا کہ الحمرا کو قومی و بین الاقومی سطح پر کام کرنے کا مینڈیٹ حاصل ہے،الحمرا گورننگ باڈی فنون لطیفہ کے تجربہ کار اور منجھے ہوئے اراکین پر مبنی ہے،الحمرا محدود وسائل میں ادبی و ثقافتی پروگرام پیش کر رہا ہے۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں الحمرا کے مستقبل کے پلان پر غور وخوض کیا گیا اور الحمرا کے مختلف شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کو دہرایا گیا۔اجلاس میں الحمرا کی گورننگ باڈی کے ممبران پروفیسر سلیمہ ہاشمی،صوفیہ بیدار،حماد غزنوی،قدسیہ رحیم،ڈاکٹر نیلم ناز،سہیل وڑائچ،ندیم شاہد،عمران قریشی و دیگر نے شرکت کی اور اپنی قیمتی تجاویز سے آگاہ کیا۔اجلاس میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا،ادبی و ثقافتی پروگراموں کا دائرہ کار گراس روٹ لیول تک لے جانے سے ادبی و ثقافتی ترقی کو دوام ملے گا۔بورڈ ممبران نے نئی قیادت میں الحمرا کی کارکردگی پر اطمینا ن کا اظہار کیا۔