نیویارک۔11جون (اے پی پی):آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی، قومی ٹیم نے کینیڈا کا 107 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں حاصل کرلیا،محمد رضوان نے ناقابل شکست نصف سنچری سکور کی، محمد عامر کوبہترین بائولنگ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔منگل کو نیویارک کے نسائو کائونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے 22ویں میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کینیڈا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے، اوپننگ بیٹر ایرون جونسن نے 44 بالوں پر 52 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، دیگر بیٹرز میں کپتان سعد بن ظفر 10 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ کلیم ثنا 13 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔پاکستان کے فاسٹ بائولرز محمد عامر اور حارث رئوف نے دو دو جبکہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پاکستان نے کینیڈا کا مطلوبہ 107 رنز کا ہدف 17.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، اوپننگ بیٹر محمد رضوان نے 53 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، کپتان بابراعظم 33 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹررہے، دیگر آئوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں صائم ایوب 6 اور فخر زمان 4 رنز بنا پائے۔عثمان خان 2 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ کینیڈا کی طرف سے ڈیلون ہیلیگر نے دو اور جیرمی گورڈن نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح پاکستان نے رواں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں متواتر دو شکستوں کے بعد پہلی کامیابی اپنے نام کرلی ہے،گروپ اے میں پوائنٹس ٹیبل پر گرین شرٹس دو پوائنٹس پر تیسری پوزیشن پر ہے جبکہ بھارت چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور امریکہ دوسرے نمبر پر ہے۔