نیویارک۔10جون (اے پی پی):آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4رنز سے شکست دے دی، بنگلہ دیش کی ٹیم جنوبی افریقہ کے 114 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا سکی، ہینرک کلاسین کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔پیر کے روز نیو یارک کے نساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے 21ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنا پائی، جنوبی افریقہ کے ابتدائی بیٹرز شروع میں سنبھل کر نہ کھیل سکے اور 23 کے مجموعی سکور پر 4 قیمتی وکٹیں گنوا دیں،اس موقع پر ڈیوڈ ملر اور ہینرک کلاسین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 79 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے سکور کو 102 تک پہنچا دیا۔کلاسین 46 اور ڈیوڈ ملر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دیگر بیٹرز میں کوئنٹن ڈی کوک 18، ریزا ہینڈرکس اور ٹریسٹان سٹبز صفر جبکہ کپتان ایڈن مارکرم 4 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ بنگلادیش کی جانب سے تنظیم حسن نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، تسکین احمد نے 2 جبکہ رشد حسین نے ایک وکٹ لی۔جنوبی افریقہ کے 114 رنز کے بظاہر آسان نظر آنے والے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز ہی بناسکی۔ توحید ہریدوئے 37 ، محمداللہ 20 اور کپتان نجم الحسن شنٹو 14 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ دیگر بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔جنوبی افریقہ کی طرف سے کیشو مہاراج نے 3 جبکہ ربادا اور اینرچ نورکیا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس فتح کے بعد جنوبی افریقہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ گروپ ڈی میں اپنےتینوں میچز میں کامیابی کے بعد سر فہرست ہے جبکہ بنگلہ دیش بنگلہ دیش کی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے۔