نیویارک۔10جون (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں کل(ہفتہ کو ) مزید ایک میچ کا فیصلہ ہوگا۔ میچ گروپ اے کی ٹیموں پاکستان اور کینیڈا کی ٹیموں کے درمیان ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، نیویارک میں کھیلا جائے گا۔ یہ ورلڈ کپ کا 12واں میچ ہوگا ۔ محدود اوورز کے فارمیٹ کے نویں میگا ایونٹ کے دلچسپ مقابلے ویسٹ انڈیز اور امریکا میں جاری ہیں جس میں شائقین کرکٹ کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔پاکستان ٹیم کی قیادت مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ کینیڈا کی ٹیم کو سعد بن طفر لیڈ کریں گے۔ پاکستان کی ٹیم اپنے دونوں ابتدائی میچز ہار چکی ہے ۔ گرین شرٹس کے پہلے میچ میں امریکا کی ٹیم نے سپر اوور پر 6 رنز سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے ہرا دیا۔ اسی طرح کینیڈین ٹیم بھی اپنا تیسرا میچ کھیلے گی ۔ میزبان امریکا نے پہلے میچ میں کینیڈا کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں کینیڈا کی ٹیم نے آئرلینڈ کی ٹیم کو 12 رنز سے شکست دی تھی۔ میگا ایونٹ میں 20 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم دفاعی چیمپئن ہے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 29 جون کو بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔\932