ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان کا بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ

سچ ٹی وی  |  Jun 09, 2024

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کرلیا۔ نیویارک میں بارش کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانیوالے میچ کا ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اترے گی، اعظم خان کی جگہ عماد وسیم پلیئنگ الیون کا حصہ بن گئے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کا میچ نیساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، میچ سے قبل ہلکی بارش ہوئی، جس کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہوا۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں امریکا کی ٹیم کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ہمیشہ کی طرح اگر مگر کی صورتحال سے دوچار ہوچکی ہے اور اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو بھارت سمیت، کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف بھی جیت کو یقینی بنانا ہوگا۔

پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھنے کے لیے آج لازمی فتح درکار ہے، گروپ اے میں امریکا دو میچز جیت کر پہلی پوزیشن پر ہے اور بھارت آئرلینڈ کو شکست دینے کے بعد دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔

تاہم، پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بھارت کے خلاف کم بیک کے لیے پرامید ہیں، انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ قومی ٹیم آج بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کرے گی، کھلاڑیوں کو آج کے میچ کی اہمیت کا اندازہ ہے اور وہ پچھلا میچ بھلاکر اس پر فوکس کریں گے۔

نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ کی بات کریں تو یہ اب تک انتہائی خطرناک ثابت ہوئی ہے اور اس پچ سے متعلق حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، البتہ بھارت اور آئرلینڈ کے میچ کے بعد یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ اس پچ پر بیٹنگ کرنا آسان نہیں ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More