ٹی20 ورلڈ کپ: بنگلہ دیش نے سری لنکا کو دو وکٹوں سے شکست دے دی

اردو نیوز  |  Jun 08, 2024

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 15ویں میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

سنیچر کو ڈیلاس میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے 125 رنز کے ہدف کو 8 وکٹوں کے نقصان پر 19 اوورز میں حاصل کر لیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے توحید ہِری دوئے نے 40، لٹن ڈاس نے 36 اور محموداللہ نے 16 رنز بنائے۔

سری لنکا کی طرف سے نوان تھشارا نے چار، وانِندُو ہسارنگا نے دو جبکہ دھننجایا ڈی سِلوا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے پاتُھم نشانکا نے 47، دھننجایا ڈی سِلوا نے 21 اور چاریتھ اسالانکا نے 19 سکور بنائے۔

بنگلہ دیش کی طرف سے مستفیض الرحمان اور رِشاد حسین نے تین تین جبکہ تسکین احمد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں یہ سری لنکا کی مسلسل دوسری شکست تھی جبکہ میگا ایونٹ میں بنگلہ دیش کا یہ پہلا میچ تھا۔

خیال رہے کہ اس جیت کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم گروپ ڈی میں 2 پوائنٹس حاصل کر کے تیسرے نمبر پر آگئی ہے جبکہ سری لنکا صفر پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور آخری نمبر پر ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More