ورلڈکپ کی تاریخ کے 5 بڑے اپ سیٹ

سچ ٹی وی  |  Jun 07, 2024

کسی بھی کھیل میں ناتجربہ کار ٹیم کا ایک مضبوط ٹیم کو شکست دینا اپ سیٹ سمجھاجاتا ہے، فٹبال، ہاکی کی طرح کرکٹ میں بھی بڑے بڑے اپ سیٹ سامنے آئے ہیں۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا نواں ایڈیشن ان دنوں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ہے، ایونٹ کے سنسنی خیز مقابلے ہورہے ہیں وہیں گزشتہ شب امریکا کے ہاتھوں پاکستان کی تجربہ کار ٹیم کی شکست کے بعد ایک اور بڑا اپ سیٹ سامنے آیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی اب آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کے اب تک 5 بڑے اپ سیٹ کا ذکر کیا ہے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں جمعرات کی شب وہ ہوا جس کا شاید کسی نے گمان بھی نہ کیا تھا، پہلی بار ورلڈکپ کھیلنے والی میزبان امریکی ٹیم نے مضبوط اور تجربہ کار پاکستان ٹیم کو ناکوں چنے چبوادیے اور سپر اوور میں شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کر دیا۔

ڈیلس میں گروپ اے کے کھیلے گئے میچ میں میزبان امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، جواب میں امریکا نے بھی3 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز اسکور کیے۔

امریکا کو میچ جیتنے کے لیے آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے،امریکی بیٹر نتیش کمار نے حارث رؤف کو چوکا مار کر میچ برابر کردیا اور پھر میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

سپر اوور میں امریکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18 رنز اسکور کیے اور گرین شرٹس کو 19 رنز کا ہدف ملا۔جواب میں امریکی فاسٹ بولر سوربھ نیتراولکر کی شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان ہدف کا تعاقب نہ کرسکا اور صرف 13 رنز بنا سکا۔

اور یوں امریکا نے پاکستان کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کرکے ورلڈکپ کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کیا۔

2022 میں آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آئرلینڈ نے ایک بار پھر انگلینڈ کو ناکوں چنے چبوائے اور ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت انگلش ٹیم کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بڑا اپ سیٹ کیا۔

میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 157 رنز اسکور کیے، ہدف کے تعاقب میں جب انگلش ٹیم بیٹنگ کرتے ہوئے 14.3 اوورز میں 105 رنز پر پہنچی تو میچ بارش کی وجہ سے روک دیا گیا۔

اس وقت ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت انگلش ٹیم 5 رنز کے خسارے میں تھی،بارش نہ رکی اور میچ کو آئرلینڈ کی جیت کے ساتھ ختم کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ آئرلینڈ نے 2011 کے آئی سی سی ورلڈکپ میں بھی انگلینڈ کو شکست دی تھی۔

2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ایک اور اپ سیٹ سامنے آیا تھا جب ایسوسی ایٹ نیشن نمیبیا نے تجربہ کار سری لنکن ٹیم کو آؤٹ کلاس کیا تھا۔

نمیبیا نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں پر 163 رنز اسکور کیے۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی اور پوری ٹیم 108 رنز پر ڈھیر ہوئی۔

یوں نمیبیا نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ایک بڑا اپ سیٹ کیا۔

2016 میں بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ناتجربہ کار افغانستان ٹیم نے اس وقت سب کو حیران کیا جب اس نے مضبوط ویسٹ انڈین ٹیم کو شکست سے دوچار کیا۔

گروپ 10 اسٹیج کے میچ میں افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 123 رنز اسکور کیے، جواب میں افغان ٹیم کی شاندار بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز 6 رنز سے میچ ہار گئی۔

واضح رہے کہ 2016 میں افغانستان کی ٹیم اتنی مضبوط اور تجربہ کار نہیں تھی جتنی آج ہے۔

2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نیدرلینڈز کی کمزور نظر آنے والی ٹیم نے میزبان انگلینڈ کو ایونٹ کے پہلے ہی میچ میں شکست سے دوچار کرکے ایونٹ میں بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔

انگلش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 162 رنز بنائے، جواب میں نیدرلینڈز کی ٹیم نے حیران کن طور پر ہدف میچ کی آخری گیند پر حاصل کرکے انگلش ٹیم کو اپ سیٹ شکست دی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More