چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی مداخلت پر قومی ٹیم کا اسٹیڈیم سے 90 منٹ دور ہوٹل تبدیل کردیا گیا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے پاکستان ٹیم کے نیو یارک ہوٹل میں قیام کا نوٹس لے لیا۔ محسن نقوی کی مداخلت پر ایونٹ کے منتظمین کو پاکستان ٹیم کا ہوٹل تبدیل کرنے پر قائل کرلیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رابطہ کرتے ہوئے عدم اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو میچ کے لیے طویل فاصلہ طے کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ،بھارت نے آئرلینڈ کو شکست دیدی
پی سی بی کے مطابق پہلے جس ہوٹل میں قومی ٹیم نے قیام کرنا تھا وہ اسٹیڈیم سے 90 منٹ کی ڈرائیو پر تھا۔ تبدیل شدہ ہوٹل اب اسٹیڈیم سے 5 منٹ کی ڈرائیو پر ہے۔ دوسری طرف بھارتی ٹیم کو نیو یارک میں گراؤنڈ سے صرف 10 منٹ کی دوری پر ٹھہرایا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ محسن نقوی نے یہ بھی کہا تھا اگر ٹیم کا ہوٹل تبدیل نہ کیا گیا تو آسان جگہ پر منتقل کردیں گے، کھلاڑیوں کے آرام کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقا اور سری لنکا کی ٹیم پہلے ہی سہولیات پر تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔