ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کامیابی کی صورت میں پاکستانی ٹیم اگلے سال حج پرشاہی مہمان ہو گی، سعودی سفیرکااعلان

اے پی پی  |  Jun 02, 2024

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے آئی سی سی ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024 میں پاکستانی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سعودی سفیر نے پاکستانی ٹیم کی ٹورنامنٹ جیتنے کی صلاحیت پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے بھائیو (پاکستانی ٹیم) انشاء اللہ آپ یہ ٹورنامنٹ جیتیں گے اور پاکستانی قوم آپ کی جیت کا جشن منائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے بھی دعا گو ہوں،انہوں نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ اگر پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتتا ہے تو ٹیم شاہی مہمانوں کے طور پراگلے سال حج کیلئے جائے گی۔پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو ڈیلاس میں امریکہ کے خلاف کھیلے گی

۔اس کے بعدگرین شرٹس ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 9 جون کو روایتی حریف بھارت، 11 جون کو کینیڈا اور 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی، گروپ مرحلے سے سرفہرست دو ٹیمیں ویسٹ انڈیز میں سپر 8 راؤنڈ میں جائیں گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More