چین۔بحرین کا جامع سٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کا اعلان،چین آزادانہ ترقی میں بحرین کی بھرپور حمایت کرتا ہے، چینی صدر

اے پی پی  |  Jun 01, 2024

بیجنگ۔1جون (اے پی پی):چینی صدر شی جن پنگ نےبیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں بحرین کے شاہ شیخ حماد بن عیسی الخلیفہ سے ملاقات کی ۔شیخ حماد بن عیسی الخلیفہ ان دنوں چین عرب ممالک تعاون فورم کی 10 ویں وزارتی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے چین کے دورہ پر ہیں۔ ملاقات کے موقع پر دونوں سربراہان مملکت نے چین۔ بحرین جامع سٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کا اعلان کیا۔ چینی میڈیا کے مطابق شی جن پنگ نے نشاندہی کی کہ رواں سال چین ۔بحرین سفارتی تعلقات کے قیام کی 35 ویں سالگرہ ہے اور فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو جامع سٹریٹجک شراکت داری میں اپ گریڈ کرنے پر اتفاق کیا جو چین۔ بحرین تعلقات کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین آزادانہ ترقی کی راہ پر گامزن ہونے میں بحرین کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور توانائی، سرمایہ کاری، نقل و حمل، نئی توانائی اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں بحرین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے اور اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون میں مزید کامیابیوں کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔ چین ،بحرین سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے تاکہ جی سی سی تعلقات میں زیادہ سے زیادہ پیش رفت حاصل کی جا سکے ۔

شیخ حماد بن عیسی الخلیفہ نے کہا کہ وہ بحرین کی قومی تعمیر کے لئے چین کی حمایت پر اس کے شکر گزار ہیں ۔ بحرین کو یقین ہے کہ چین یقیناً اپنی قوم کے عظیم نشاۃ ثانیہ کی تکمیل کرےگا اور عالمی امن اور خوشحالی میں مزید زیادہ خدمات سرانجام دےگا۔ بحرین ایک چین کے اصول پر کاربند ہے اور چین کی پرامن وحدت کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحرین جی سی سی اور چین کے آزاد تجارتی معاہدے کی جلد تکمیل کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ نئے دور کے لئے چین عرب ممالک کے ہم نصیب معاشرے کی تشکیل دی جا سکے۔

ملاقات کے بعد دونوں سربراہان مملکت نے سرمایہ کاری، سبز اور کم کاربن، ای کامرس اور ڈیجیٹل اکانومی کے شعبوں میں باہمی تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کا مشاہدہ کیا۔ فریقین نے جامع سٹریٹجک شراکت داری کے قیام کے لئے چین اور بحرین کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More