ٹی20 ورلڈ کپ: یوگنڈا کی ٹیم کی جرسی کا ڈیزائن کیوں تبدیل کروا دیا گیا؟

اردو نیوز  |  May 31, 2024

آئندہ ماہ سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل یوگنڈا کی ٹیم کو آخری وقت پر جرسی تبدیل کرنے کا کہا گیا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے معیار پر پورا نہ اُترنے کے باعث یوگنڈا کی ٹیم کو ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل اپنی جرسی کا ڈیزائن بدلنے کا کہا گیا ہے۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے یوگنڈا کی ٹیم کی جرسی کے لیے تین ڈیزائن تیار کیے گئے تھے جن میں سے کرکٹ بورڈ نے ایک ڈیزائن کو منتخب کیا۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ڈیزائنر ایلی جاہ مینگنی کی ڈیزائن کردہ جرسی کو منتخب کیا گیا جو یوگنڈا کے قومی پرندے ’گرے کراؤنڈ کرین‘ (کونج پرندے کی قسم) کی تھیم پر بنی ہوئی تھی۔

آئی سی سی نے یوگنڈا کی ٹیم کو جرسی پر بنے ہوئے پرندے کے پروں کو ہٹانے کا حکم دیا تاکہ جرسی پر موجود سپانسر لوگو واضح طور پر نظر آسکیں۔

اس تبدیلی کے بعد یوگنڈا کی ٹیم کی شرٹ پر بنے پرندے کے پَروں والے ڈیزائن کے حصے کو نہایت مدھم کر دیا گیا جبکہ ٹراؤزر پر بھی لائنوں کو مدھم اور چھوٹا کر دیا گیا۔ 

    View this post on Instagram           A post shared by Uganda Cricket Association (@uganda_cricket_association)

جرسی کی رونمائی ٹیم کی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ویسٹ انڈیز روانگی سے قبل کی گئی۔

یوگنڈا کرکٹ ایسوسی ایشن کے تعلقات عامہ کے افسر مُسلی ڈینس نے جرسی کے بارے میں وضاحت جاری کی کہ ’آئی سی سی نے ہمیں جرسی کا ڈیزائن تبدیل کرنے کا حکم دیا تھا لیکن ہمارے پاس زیادہ تبدیلیاں کرنے کا وقت نہیں تھا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں اس وجہ سے پرانے ڈیزائن کو ہی لے کر چلنا پڑا۔ ہم نے اوریجنل ڈیزائن میں 20 فیصد تک تبدیلی کی ہے لیکن باقی ڈیزائن پہلے جیسا ہی ہے۔‘

خیال رہے کہ یوگنڈا کی ٹیم پہلی مرتبہ کسی بھی آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں حصہ لے رہی ہے۔

یوگنڈا ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ چار مئی کو افغانستان کے خلاف گیانا میں کھیلے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More