لندن: انگلینڈ نے چوتھے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔
لندن کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چوتھا ٹی 20 میچ کھیلا گیا۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
قومی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں 157 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ کپتان بابر اعظم اور عثمان خان کے علاوہ کوئی بیٹر بہتر کارکردگی نہ دکھا سکا۔
اس سے قبل پاکستان کی آدھی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 86 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی اور بارش کے آنے سے قبل پاکستان نے 5 وکٹوں پر 91 رنز بنائے۔ بارش کی وجہ سے میچ کو کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا تھا۔
کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ پاکستان کو پہلا نقصان 59 رنز پر اٹھانا پڑا جب کپتان بابر اعظم 36 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ محمد رضوان دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہیں 65 کے مجموعے پر عادل رشید نے کلین بولڈ کیا۔ رضوان نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔
بارش کے بعد ٹیم جم کر نہ کھیل سکی اور یکے بعد دیگرے تمام کھلاڑی ہی پویلین لوٹ گئے اور کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ قومی ٹیم کے 4 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب یکم جون کو ہو گی
انگلینڈ کی طرف سے لیام لیونگسٹون، مارک ووڈ اور عادل رشید نے 2، 2، معین علی، جوفرا آرچر اور کرس جورڈن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میزبان ٹیم کے فل سالٹ اور جوز بٹلر نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ پیش کیا۔ فل سالٹ نے 24 گیندوں پر 45 اور بٹلر نے 21 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔ ول جیکس نے 20، جونی برسٹو نے 28، اور ہیری بروک نے 17 رنز بنائے۔
انگلینڈ نے پاکستان کا 158 رنز کا ہدف 15.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پاکستان کی طرف سے تینوں وکٹیں حارث رؤف نے حاصل کیں۔
یاد رہے کہ 4 میچز پر مشتمل سیریز کے 2 میچز بارش کے باعث منسوخ ہوئے تھے۔ 22 مئی کو لیڈز میں سیریز کا پہلا میچ جبکہ 28 مئی کو کارڈف میں ہونے والا تیسرا ٹی ٹوئنٹی بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا تھا، 25 مئی کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دی تھی۔ آج کے میچ میں پاکستان کو شکست کے بعد انگلینڈ نے سیریز اپنے نام کر لی۔