لاہور۔18مئی (اے پی پی):ممتاز سارنگی نواز زوہیب حسن کی الحمراء میں شاندار پرفارمینس، شائقین سے بھر پور داد سمیٹی ہے۔اس مناسبت سے الحمرا میں سارنگی پر مبنی پروگرام کا انعقاد ہوا،جس میں صف او ل کے سارنگی نواز زوہیب حسن نے سارنگی پر کلاسیکل،ٹھمری،غزل اور جدید موسیقی پیش کی جسے شائقین نے بے حد سراہا۔عوام کی بڑی تعداد الحمرا ہال نمبر 2میں موجود تھی اور سارنگی سن رہی تھی، ہر ساز ان کے دلوں کی تاروں کو چھیڑ رہا تھا۔چیئرمین الحمرا رضی احمد نے محفل میں خصوصی شرکت کی۔ اس مو قع پرچیئرمین الحمرا رضی احمد نے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ درد بھرے سوزکا سازسارنگی الحمرا کی بدولت پاکستان میں زندہ ہے،لاہور آرٹس کونسل الحمرا کاپلیٹ فارم کمالات سے مالا مال ہے،عوام کو صدیوں پرانی آرٹ اور ساز سے ہم آہنگ رکھنا الحمرا کی خوبصورتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عشق کے جذبات سے پیہم پوروں سے بجنے والا یہ ساز جب سروں کو ملا کر دھنوں کو چھیڑ تا ہے تب روحانی اثر پیدا ہوتا ہے۔صدیوں پرانا منفرد آلہ موسیقی سارنگی انسانی آواز کے قریب اورحضرت امیر خسرو کی ایجاد ہے جوسیدھا سینہ میں اترنے والا ساز ہے،درد بھرے سوزکا سازسارنگی الحمرا کی بدولت پاکستان میں زندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کی کلاسز میں سارنگی کی باقاعدہ تعلیم و تربیت دی جا رہی ہے، نامور سارنگی نواز زوہیب حسن سارنگی پڑھا رہے ہیں،الحمرا صدیوں پرانے اس ساز کی اہمیت کو کم نہیں ہونے دے گا،اس ساز کے بغیر موسیقی کی محفلیں پھیکی ہیں۔