رؤف حسن پر حملہ، پی ٹی آئی کا تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

اردو نیوز  |  May 22, 2024

پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن پر حملے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

بدھ کو مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن اس حملے کی تحقیقات کرائے، یہ وبا آگے بھی پھیل سکتی ہے۔

اس موقع پر رؤف حسن نے کہا کہ اگر اس طرح کا حملہ پھر ہوا تو ملک بھر میں پرامن احتجاج کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز منگل کو پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن پر اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون مرکز میں حملہ کیا گیا تھا جب وہ ایک نجی ٹی وی چینل کے دفتر سے نکل کر جا رہے تھے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں رؤف حسن کو دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کا چہرہ اور کپڑے خون آلود ہیں اور وہ اس حالت میں ٹی وی چینل کے دفتر میں واپس جا رہے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’رؤف حسن کو نجی ٹی وی کے دفتر کے باہر بلیڈ مارا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق رؤف حسن کو خواجہ سراؤں نے چہرے پر بلیڈ مارا۔‘

منگل کو ہی اسلام آباد پولیس نے نامعلوم افراد کی جانب سے حملے کا مقدمہ درج کر لیا تھا۔

عمر ایوب نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ رؤف حسن پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے اور ایک روز پہلے بھی ہوا تھا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ تیز دھار آلے سے شہہ رگ کاٹنے کی کوشش کی گئی، ایک بہت بڑا حادثہ ہونے جا رہا تھا۔

عمر ایوب نے اسلام آباد پولیس کی درج کردہ ایف آئی آر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ’یہ بتایا جائے کہ ایف آئی آر کس نے لکھوائی ہے۔ ایف آئی آر میں دہشتگردی نام کی کوئی چیز نہیں شامل کی گئی ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More