ن لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس، ’نواز شریف 28مئی کو پارٹی صدر منتخب ہوں گے‘

اردو نیوز  |  May 18, 2024

پاکستان میں حکمران جماعت مسلم لیگ نواز کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے پارٹی کے صدر کا الیکشن 28 مئی کا کرانے کا فیصل کیا ہے جبکہ اس دوران شہباز شریف قائم مقام صدر رہیں گے۔

سنیچر کو لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ن کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ن لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر نے بتایا کہ نوازشریف نے کہا کہ 28 مئی کو جنرل کونسل کے اجلاس میں پارٹی صدارت کا فیصلہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف 28مئی تک ن لیگ کے قائمقام صدر رہیں گے۔

سیف الملوک کھوکھر نے بتایا کہ 28 مئی کو جنرل کونسل کے اجلاس میں نوازشریف کو پارٹی صدر منتخب کیا جائے گا۔

’جنرل کونسل کے اجلاس کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے جو 28 مئی صبح ساڑھے گیارہ بجے ہوگا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آج کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق سی ای سی اور حتمی منظوری جنرل کونسل کے اجلاس میں دی جائے گی۔ شہبازشریف کو مسلم لیگ ن کا قائمقام صدر نامزد کر دیا گیا ہے۔‘

سیف الملوک کھوکھر کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ خان کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ شہباز شریف نے گزشتہ دنوں مسلم لیگ ن کے صدر کا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ 

صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’اب وقت آ گیا ہے کہ نواز شریف پارٹی صدر کی حیثیت سے اپنا جائز مقام دوبارہ حاصل کریں۔‘

پنجاب کی سینیئر وزیر اور مسلم لیگ (ن) کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں اس پیش رفت کو شیئر کیا تھا۔ 

انہوں نے شہباز شریف کا 11 مئی 2024 کو پارٹی کے سیکریٹری جنرل کو بھیجا گیا تھا استعفیٰ شیئر کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More