عمران خان کا شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی کی کور کمیٹی سے نکالنے کا حکم

اردو نیوز  |  May 09, 2024

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کو پارٹی کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی دونوں سے علیحدہ کرنے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

جمعرات کو پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان صاحب نے براہ راست یہ حکم جاری کیا ہے کہ شیر افضل مروت کو پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی سے فی الفور علیحدہ کیا جائے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’عمران خان نے یہ ہدایت بھی دی ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی یہ فیصلہ کرے کہ شیر افضل مروت کے خلاف کیا انضباطی کارروائی کی جائے۔‘

’عمران خان نے یہ بھی احکامات جاری کیے ہیں کہ شیر افضل مروت کو فوری طور پر ایک شوکاز نوٹس دے کر ان سے جواب طلب کیا جائے۔‘

کچھ عرصے سے شیر افضل مروت کو اپنے بعض بیانات کی وجہ سے پارٹی کے اندر سے تنقید کا سامنا ہے۔

بدھ کو انہوں نے سیاسی کمیٹی سے الگ کیے جانے کے تأثر کو مسترد کیا تھا اور انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے عمر ایوب اور شبلی فراز پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ان کی ملاقات نہیں ہونے دی۔

شیر افضل مروت نے مزید کہا تھا کہ ’میں نے عمران خان کو بتایا ہے کہ جماعت کے اندر لوگ میری ٹانگیں کھینچ رہے ہیں۔ مجھے پنی ذات کی بے توقیری کسی صورت قبول نہیں ہے۔‘

’بانی پی ٹی آئی نے مجھے پولیٹیکل کمیٹی کا ممبر بنایا تھا۔ پولیٹیکل کمیٹی میں ووٹنگ کر کے مجھے ہٹایا گیا۔‘

جمعرات ہی کو پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے شیر افضل مروت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’جو عمران خان کہیں گے وہی ہو گا۔ اگر عمر ایوب خان نے کوئی بیان دیا ہے تو اسی کو حتمی سمجھیں۔‘

اس سے قبل پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کا نام چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے بھی دیا تھا لیکن بعد میں ان کی جگہ شیخ وقاص اکرم کا نام مذکورہ عہدے کے لیے دیا گیا۔

شیر افضل مروت کے پارٹی کے اندر اختلافات میں پاکستان کے کچھ دوست ممالک سے متعلق ان کے بیانات کے بعد شدت آئی تھی۔

’عمران خان شیر افضل کے رویے پر ناراض ہوئے‘

بدھ کو پی ٹی آئی کے ایک ترجمان نے اردو نیوز سے گفتگو میں کہا تھا کہ ’بانی پی ٹی آئی شیر افضل مروت کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے ناراض ہو گئے ہیں اور جیل میں ملاقات سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد شیر افضل مروت بانی پی ٹی آئی سے بغیر ملاقات جیل سے واپس چلے گئے تھے۔‘

اُن کے مطابق ’شیر افضل مروت کا دوست ممالک سے متعلق بیان اور خواجہ آصف سے ملاقات ناراضی کی وجہ بنی اور چیئرمین پی اے سی کے لیے ان کا نام بھی غیر ذمہ دارانہ رویے کی بنیاد پر واپس لیا گیا۔‘

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More