معروف ایرانی شاعر اور ریاضی داں عمر خیام کا یوم پیدائش 18 مئی کو منایا جائے گا

اے پی پی  |  May 04, 2024

اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):معروف ایرانی شاعر اور ریاضی دان عمر خیام کا یوم پیدائش 18 مئی کو منایا جائے گا۔عمر خیام کا پورا نام ابوالفتح عمر خیام بن ابراہیم نیشابوری ہے اور وہ سلجوقی بادشاہوں کے دور حکومت کے شاعر ہیں۔عمر خیام 427 ہجری میں ایران کے صوبہ خراسان کے شہر نیشابور میں پیدا ہوئے اور 510ھ میں انتقال کر گئے۔

عمر خیام، طب، ریاضی ، فلکیات اور فلسفہ میں بھی مہارت رکھتے تھے، ان علوم کے علاوہ شعرو سخن میں بھی وہ اعلی پائے کے شاعر مانے جاتے ہیں۔ عمر خیام کے علم وفضل کا اعتراف اہل ایران سے بڑھ کر اہل یورپ بھی کرتے ہیں۔ سب سے پہلے روسی پروفیسر ولنتین ژوکو فسکی نے رباعیات عمر خیام کا ترجمہ کیا۔

پھر فٹنر جیرالڈ نے عمر خیام کی بعض رباعیات کا انگریزی میں ترجمہ کیا اور بعض اہم مضامین میں ان کی رباعیات کا مفہوم پیش کرکے کچھ ایسے انداز میں اہل یورپ کو عمر خیام سے روشناس کرایا کہ انہیں زندہ جاوید بنادیا ۔عمر خیام نجوم ،ریاضی اور فلسفے کے پیچیدہ مسائل پر غور وخوض کے ساتھ ساتھ ایک بلند پایہ شاعر بھی تھے۔ مختلف علوم میں ماہر ہونے کے باوجود عمر خیام کی شہرت کا سرمایہ ان کی فارسی رباعیات ہیں۔ ان کی رباعیوں کی زبان بڑی سادہ، سہل اور رواں ہے۔

لیکن ان میں فلسفیانہ رموز ہیں جو اس کے ذاتی تاثرات کی آئینہ دار ہیں۔انہوں نے 8 سال کی عمر میں ریاضی اور فلسفہ کا مطالعہ کرنا شروع کیا اور 12 سال کی عمر میں وہ نیشاپور کے ایک سکول کے طالب علم بن گئے اور بعد ازاں انہوں نے بلخ، سمرقند اور بخارا کے معروف مدارس میں اپنی تعلیم مکمل کی۔ عمر خیام کی قابل قدر تصانیف میں سے میزان الحکمہ، لوازم الامکنہ، رسالہ فی براہین علی مسائل الجبر و المقابلہ، القول علی اجناس التی بالاربعا، رسالہ کون و تکلیف، رسالہ ای در بیان زیج ماکشاہی، رسالہ فی شرح ما اشکل من مصادرات کتاب اقلیدس اور رباعیات وغیرہ شامل ہیں۔

عمر خیام کی سالگرہ کے موقع پر دنیا بھر میں علم النجوم، ریاضی، فلسفہ ، علمی و ادبی حلقوں کے زیر انتظام منعقدہ تقریبات میں ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More