پی آئی اے کی نجکاری کےلئے اب تک 10بڑے اداروں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے، پرائیویٹائزیشن کمیشن پی آئی اے کی نجکاری کے لئے15دن کی توسیع کر رہا ہے،وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان کی میڈیا بریفنگ

اے پی پی  |  May 02, 2024

اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نجکاری ،سرمایہ کاری بورڈ و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کےلئے اب تک 10بڑے اداروں نے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ابتدائی دستاویزات حاصل کر لی ہیں جبکہ پرائیویٹائزیشن کمیشن پی آئی اے کی نجکاری کے لئے15دن کی توسیع کر رہا ہے ،18مئی تک اظہار دلچسپی کے کاغذات داخل کئے جا سکیں گے اور اس تاریخ میں مزید توسیع نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بعض اخبارات میں پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے درست اعداد و شمار نہیں دیئے گئے جبکہ اصل صورتحال حوصلہ افزا ءہے کیونکہ اس ادارے میں آج بھی اتنا “پوٹینشل “باقی ہے کہ پی آئی اے میں نئے جہازشامل کرنے کے بعد اسے منافع بخش ادارے میں تبدیل کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 830ارب روپے خسارے والے ادارے پی آئی اے کی نجکاری ملک و قو م کے مفاد میں ہے اور انہیں یقین ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو بھی جب اصل حقائق کا علم ہو گا تو وہ ضرور اس کی حمایت و تائیدکریں گے ۔

وفاقی وزیر نجکاری نے بتایا کہ سٹیل مل ، ڈسکوز ، فرسٹ ویمن بینک ،ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن اور دیگر اداروں کی بھی نجکاری ہورہی ہے جس کے لئے حکومت کی طرف سے ہدایات ملنے کے بعد تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ایسے ادارے ملکی معیشت کا خون چوس رہے ہیں اورثابت ہو گیا ہے کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا یا کاروباری ادارے چلانا نہیں ہوتا ،ہمیں اس کے لئے نجی شعبے کو آگے لانا ہوگا تاکہ وہ جدید تقاضوں کے مطابق ان اداروں کو تیزی سے چلائیں اور منافع بخش بنائیں ۔

انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کے تمام واجبات ادا کر کے اسے بغیر کسی بوجھ کے پرائیویٹائز کر رہے ہیں جو سود مند ثابت ہوگا کیونکہ تمام پاکستانی ائیر لائنز کا مجموعی حجم ملا کر بھی پی آئی اے کے مقابلے میں کم ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت 6سے7ڈسکو ز کی نجکاری کرنا چاہتی ہے جبکہ دفاعی نوعیت کی تین ڈسکوز سرکاری نگرانی میں کام کرتے رہیں گی ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی آئی اے کی سعودی عرب کے لئے حج اور عمرے کی فلائٹس انتہائی منافع بخش روٹ ہے ، اسی طرح یورپ امریکہ اور کینیڈا کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک کے لئے پی آئی اے کی بلا واسطہ فلائٹس مسافروں کے لئے بہترین آپشن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 18مئی کو سب کے سامنے پی آئی اے کی نجکاری کے لئے آنے والی پیشکشوں کو کھولا جا ئے گا اور وہ بطور وفاقی وزیر نجکاری اس سارے عمل کی شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ جن 10معروف کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے وہ پی آئی اے کےلئے انٹر نیشنل کمپنیوں کے ساتھ کنسورشیم بنا کر آنا چاہتی ہیں اور انہوں نے ہی دو ہفتے کی توسیع کی درخواست کی ہے جس کے لئے انہوں نے وزیر اعظم سے اجازت حاصل کر لی ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہاکہ سالانہ 400سے500ارب روپے کے نقصان کرنا بہت بڑی زیادتی ہے اور اس طرح ہم اپنی معیشت کو کبھی بھی مضبوط نہیں بنا سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کی نجکاری کو سو فیصد شفاف اور میڈیا کے سامنے میرٹ پر یقینی بنائیں گے تاکہ کوئی اس عمل پر انگلی نہ اٹھا سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More