پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے صحافتی برادری کی جدوجہد قابل ستائش ہے، سردار ایاز صادق

اے پی پی  |  May 02, 2024

اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ملک کے مثبت تشخص کو اُجاگر کرنے میں ذرائع ابلاغ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے،پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے صحافتی برادری کی جدوجہد قابل ستائش ہے، ذرائع ابلاغ کو صحافت کا چوتھا ستون مانا جاتا ہے، موجودہ حکومت آزادی اظہارِ رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صحافتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے جاری بیان میں کیا جو جمعہ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جمہوری معاشرے کی تشکیل میں صحافت کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اپنی اہمیت اور افادیت کی وجہ سے عصرِ حاضر میں میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون مانا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کی کارروائی اور دیگر سرگرمیوں کو عوام تک پہنچانے میں پریس گیلری کے صحافیوں کا کردار قابلِ تحسین ہے، آزادی صحافت کیلئے صحافتی برادری نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت کے دن کے منانے کا مقصد آزادیِ صحافت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات اٹھانا ہے جس سے آزادیِ صحافت کی راہ میں پیش آنے والی رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگیوں میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافیوں کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے اور صحافیوں کو درست خبر تک پہنچنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے قانون سازی کی ہے۔ انہوں نے پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داری کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کی قربانی دینے والے صحافیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More