ایشیائی ترقیاتی بینک کے مشن کا فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈکوارٹرز کا دورہ، ایف بی آر کے افسران سے ملاقات

اے پی پی  |  May 02, 2024

اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ایشیائی ترقیاتی بینک کو بتایا گیا ہےکہ ریونیو ڈویژن نے وزیراعظم پاکستان کے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ڈیجیٹل ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں تبدیل کرنے کے وژن اور عالمی رجحانات کے مطابق ڈھالنے کے لئے ڈیجیٹلائزیشن کے سفر کا آغاز کیا ہے جس میں پراسیسز کو آٹومیشن پر لانے اور معیشت کو ڈیجیٹلائزکرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جمعرات کو یہاں جاری بیان کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کے مشن نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور ایف بی آر کے ان افسران سے ملاقات کی جو ڈومیسٹک ریسورس موبلائزیشن پروگرام کے نفاذ میں معاونت کر رہے ہیں ۔اس مشن کی قیادت منیلا سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے سینئر ڈائریکٹر طارق نیازی کر رہے تھے اور اس میں پبلک سیکٹر مینجمنٹ کے سینئر ایکسپرٹ لائیسا تورا، ماہر معاشیات ثناء مسعود، ماہر معاشیات فرزانہ نوشاب شامل تھے ۔

اس ملاقات میں ایف بی آر کے ممبر ان لینڈ ریونیو (آپریشنز) میر بادشاہ خان وزیر، ممبر (ریفارمز اینڈ ماڈرنائزیشن) اردشیر سلیم طارق، ممبر آئی ٹی قاسم رضا، ممبر ڈیجیٹل انیشی ایٹوز کرامت اللہ چوہدری اور ممبر( لیگل -ان لینڈ) ارباب محمد طارق بھی موجود تھے ۔مشن کے مقاصد میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی مالی معاونت سے چلنے والے ڈومیسٹک ریسورس موبلائزیشن پروگرام کے تحت ا سٹرکچرل اور پالیسی ریفارمز پر بات چیت کرنا شامل تھی ۔

ایشیائی ترقیاتی بینک مشن نے ڈومیسٹک ریسورس موبلائزیشن پروگرام کی کامیاب رولنگ ڈائون پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ اجلاس میں یہ بات بھی نوٹ کی گئی کہ ڈومیسٹک ریسورس موبلائزیشن پروگرام کے سب پروگرام ون میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں اورایف بی آر کی خصوصی کوششوں کی وجہ سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے حکومت پاکستان کو دسمبر 2023 میں تین سو ملین ڈالر مہیا کئے گئے ۔

سب پروگرام ون نے ایف بی آر میں بہتر پالیسیوں ، قوانین اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کی بنیاد رکھی جبکہ سب پروگرام ٹو کی اصلاحات 2024 تک مکمل ہوں گی ۔ایف بی آر کے افسران نے ایشیائی ترقیاتی بینک ٹیم کو بتایا کہ ریونیو ڈویژن نے وزیراعظم پاکستان کے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ڈیجیٹل ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں تبدیل کرنے کے وژن اور عالمی رجحانات کے مطابق ڈھالنے کے لئے ڈیجیٹلائزیشن کے سفر کا آغاز کیا ہے جس میں پراسیسز کو آٹومیشن پر لانے اور معیشت کو ڈیجیٹلائزکرنے پر توجہ دی جا رہی ہے ۔

ان اقدامات کی وجہ سے ٹیکس دہندگان کی کمپلائنس کے اخراجات کم کرنے،معیشت کو دستاویزی بنانے، ٹیکس کی بنیاد وسیع کرنے اور ایف بی آر کے محصولات میں پائیدار اضافہ کی راہ ہموار ہوگی ۔ ایف بی آر ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور اس ضمن میں ڈیجیٹلائزیشن کے انیشی ایٹوزاور ان کے نفاذ کے فوائد سے مستفید ہونے کے لئے کارانداز کے ساتھ مل کر ایک جامع ڈیجیٹل سٹریٹیجی تیار کررہا ہے ۔

اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے ایف بی آر کے ڈیجیٹل ٹیکس ایڈمنسٹریشن پراجیکٹ کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی ٹیم نے اس منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ اجلاس میں حکومت پاکستان کے ڈیجیٹل ٹیکس ایڈمنسٹریشن پراجیکٹ میں تعاون کی مزید راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر اتفاق رائے ظاہر کیا گیا ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More