کراچی میں شادی سے قبل دلہا گرفتار، باراتی شیروانی لے کر تھانے کے باہر سراپا احتجاج

اردو نیوز  |  Apr 29, 2024

کراچی میں پولیس نے شادی سےقبل دلہے کو گرفتار کرلیا، جبکہ لڑکے کے اہلخانہ بارات کے لیے تیار کی گئی دلہے کی شیروانی لے کر پولیس تھانے پہنچ گئے۔

 باراتیوں نے پولیس سٹیشن کے باہر احتجاج کیا اور دلہا اسامہ کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔

کراچی ضلع شرقی کے علاقے جمشید کوارٹر پولیس تھانے کی حدود میں پولیس نے اسامہ نامی نوجوان کو اس کی بھابی نور فاطمہ پر تشدد اور جان سے مارنے کے الزام کے خلاف درج کرائے گئے مقدمے میں گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم اسامہ کے خلاف اس کی بھابی نے دو روز قبل مقدمہ درج کرایا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اسامہ کی بھابی نے اسامہ کے تشدد کرنے پر اس کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے اور تفتیشی پولیس نے مقدمہ درج ہونے پر ملزم کو گرفتار کیا ہے۔

دوسرے جانب اسامہ کے اہلخانہ نے اس کی گرفتار کے خلاف جمشید کوارٹر پولیس سٹیشن کے باہر احتجاج کیا ہے۔ اہلخانہ نے پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے اسامہ کو جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا ہے۔ اہلخانہ اسامہ کی بارات کے لیے تیار کی گئی شیروانی لے کر پولیس سٹیشن پہنچ گئے اور تھانے کے باہر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسامہ کے خلاف مقدمہ درج ہے اور ملزم کی رہائی قانونی طریقے سے ہی ممکن ہے، اہلخانہ کے احتجاج پر ملزم کو رہا نہیں کیا جاسکتا۔

پولیس نے ملزم اسامہ کو آج ضلع شرقی کی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے 30 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ملزم کی ضمانت منظور کرلی اور اسے ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری دیے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More