صدر مملکت آصف علی زرداری سے آزاد کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق کی ملاقات

اے پی پی  |  Apr 29, 2024

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے حق خودارادیت کے حصول تک بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وہاں قابض بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم کی مذمت کی ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ عالمی برادری بھارت پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے کیلئے دبائو ڈالے۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال، ترقی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ صدر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے آزاد کشمیر کے شعبہ سیاحت کو بھرپور صلاحیت تک ترقی دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت سے سماجی و اقتصادی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آزاد کشمیر کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو جدید ترین ہنر اور تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے ، ہنرمند نوجوان آزاد کشمیر کی ترقی میں اپنا کردار کریں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کاربن کریڈٹ مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے میں آزاد جموں و کشمیر حکومت کی مدد کر سکتا ہے۔ صدر مملکت نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم اور ان کی حکومت کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر صدر مملکت کو آزاد کشمیر کا دورہ کرنے اور قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرنے کی دعوت دی۔

صدر مملکت نے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں سے متعلقہ واقعات کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کی حکومت متاثرہ خاندانوں کی مدد کرے گی

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More