آئندہ سال سائوتھ ایشن گیمز سے پہلے نارووال سپورٹس سٹی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کروانا میرا عزم ہے،احسن اقبال چوہدری

اے پی پی  |  Apr 29, 2024

نارووال۔ 29 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے کہا ہے کہ آئندہ سال ساوتھ ایشن گیمز سے پہلے نارووال سپورٹس سٹی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کروانا میرا عزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےنارووال سپورٹس سٹی کے انتظامی معاملات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا۔

نارووال سپورٹس سٹی کی پاکستان سپورٹس بورڈ سے یونیورسٹی آف نارووال کو ہینڈنگ اوور کے بعد نارووال سپورٹس سٹی کے انتظامی اور مالی معاملات کو چلانے کے حوالے سے وائس چانسلر یونیورسٹی آف نارووال،پاکستان سپورٹس بورڈ اور ہائرایجوکیشن کمیشن کے نمائندگان پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی،یہ کمیٹی اس امر کو یقینی بنائے گی کہ سپورٹس سٹی میں جاری ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کو تیزی سے مکمل کرے اور ان پراجیکٹس کی ادائیگیوں کو یقینی بنائے تاکہ نارووال سپورٹس سٹی کو تمام تر کھیلوں کیلئے جلد از جلد اوپن کیا جاسکے۔اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری کی جانب سے نارووال سپورٹس سٹی میں موجود سکواش و بیڈمنٹن ہالز،باسکٹ بال،کرکٹ،فٹبال، اور ہاکی گراؤنڈز اور سپورٹس سٹی کے ہاسٹلز کی بحالی کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے حوالے سے ایگزیکیوٹنگ ایجنسیز کو ہدایات دی گئیں،علاوہ ازیں سپورٹس سٹی میں کبڈی گراؤنڈ بنانے اور بجلی سمیت تمام تر معاملات جلد مکمل کرنے کی ہدایات کی گئیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آئندہ سال سائوتھ ایشن گیمز کے انعقاد سے پہلے نارووال سپورٹس سٹی کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق تیار کرنا ہوگا،کرکٹ گرائونڈ کو از سر نو تیار کریں تاکہ ہم اگلے سیزن میں فرسٹ کلاس کرکٹ کے میچز اس گرائونڈ میں کروا سکیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے کہا کہ میں ہر ہفتے نارووال سپورٹس سٹی کا دورہ کروں گا اور ایگزیکیوٹنگ ایجنسیز کی پرفارمنس کو میں بذات خود مانیٹر کروں گا۔بعد ازاں وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری کی جانب سے نارووال سپورٹس سٹی کا تفصیلی دورہ بھی کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا ویژن ہے کہ ہم کھیلوں کو فروغ دیں،اگلے سال پاکستان سائوتھ ایشن گیمز کی میزبانی کرے گا اور اس سے پہلے ہم قومی سطح پر نیشنل گیمز کا انعقاد کرنا چاہتے ہیں تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو تیاری کا موقع مل سکے۔نارووال سپورٹس سٹی جو پچھلی گورنمنٹ کی غیرذمہ دارانہ پالیسیز کی بھینٹ چڑھا ،اب ہم چاہتے ہیں کہ اس سٹیڈیم کو سائوتھ ایشن گیمز سے پہلے بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کریں،نارووال سپورٹس سٹی میں تمام کھیلوں کے کوچز پورا سال موجود رہیں گے تاکہ ہمارے ٹیلینٹڈ کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم ہو سکے اور وہ انٹرنیشنل لیول پر پاکستان کا پرچم بلند کرسکیں۔

اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف نارووال پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس،فیڈرل سیکرٹری فار بین الصوبائی رابطہ ندیم ارشد کیانی،ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ و ایڈیشنل سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ظہور احمد،ڈپٹی کمشنرنارووال سید حسن رضا،فوکل پرسن نارووال سپورٹس سٹی فاروق اعظم،ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے نمائندگان کی شرکت کی۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More