پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے ، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کے لیے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے،وزیراعظم محمد شہبازشریف

اے پی پی  |  Apr 29, 2024

ریاض۔29اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں،آ ئندہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کے حوالے سے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پوری طرح فعال ہے ۔

انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار پیر کو سعودی عرب کے وزیر تجارت ماجد القصبی سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، آئندہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کے حوالے سے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے، پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پوری طرح فعال ہے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں میں پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم رہا ہے ۔ سعودی وزیر تجارت نے کہاکہ ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی واضح ہدایات کے مطابق ہم پاکستان کو سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے ترجیح دے رہے ہیں ، سعودی کاروباری و تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران دونوں ممالک کے معاشی اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لئے اہداف کا تعین کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے نوجوانوں اور نئی نسل میں سعودی پاکستان دوستی کے حوالے سے جذبات مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More