چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں امریکی سفیر کی ملاقات

اے پی پی  |  Apr 24, 2024

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی مفادات کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان پائیدار دوستی کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی سفیر نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ امریکہ کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں ممالک کے درمیان اہم اقتصادی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستانی حکومت سے تعاون پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے مابین تجارتی روابط اور تجارتی حجم کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کی نئی اقتصادی ٹیم کو سراہتے ہوئے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری تعاون کے مزید فروغ کی امید کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان مزید اقتصادی تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ پاکستان کے مثبت معاشی اشاریوں کی روشنی میں امریکی سفیر نے افراط زر میں کمی کے رجحان اور ڈالر کے ذخائر میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستانی معیشت پر اعتماد سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گیمنگ انڈسٹری ترقی کر رہی ہے اور ڈیجیٹل سیکٹر میں مزید تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ملاقات میں پارلیمانی رابطوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے امریکی کانگریس میں ایک مضبوط پارلیمانی کاکس موجود ہے اور سینیٹ آف پاکستان میں فرینڈشپ گروپ کی تشکیل نو سے باہمی پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اور پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط عوامی سطح کے روابط استوار کرنے کا موقع ملے گا۔

چیئرمین سینیٹ نے پاکستانی طلباء اور تاجروں کو امریکی ویزوں کے حصول میں درپیش چیلنجز اور ویزا کے عمل کو مزید ہموار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ امریکی سفیر نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا اعتراف کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے امن اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ وقت فلسطین میں امن کے قیام کی کوششیں تیز کرنے کا ہے۔ انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا تاکہ خطے میں دیرپا امن کا حصول ممکن ہو سکے۔ امریکی سفیر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے درمیان ملاقات خطے میں امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے پاکستان اور امریکا کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More