ماہرین فلکیات نے کہا ہے کہ رواں سال کا مکمل گلابی چاند (پنک مون) کل 23 اپریل کو نمودار ہوگا جسے مختلف مغربی ممالک کے لوگ باآسانی دیکھ سکیں گے۔
اسپیس ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق ماہ اپریل 2024 کا مکمل اور گلابی چاند بدھ اور جمعرات کی علی الصبح دُنیا بھر خصوصاً مغربی ممالک کے مختلف جگہوں پر نظر آئے گا۔
اس سال گلابی چاند 23 اپریل کی شام امریکا کی مشرقی ریاستوں میں شام کے وقت 7 بج کر 39 منٹ پر نمودار ہوگا، اس کے ساتھ سیارے مریخ اور زحل بھی ہوں گے۔ مریخ اور زحل اسی روز رات کو چاند کے نکلنے کے چند گھنٹوں بعد نمودار ہوں گے۔
اپریل کے اس پورے چاند کو بریکنگ آئس مون، بڈنگ مون، اویکننگ مون، یا ایگ مون بھی کہا جا سکتا ہے، ماہرین کے مطابق یہ شمالی امریکا میں پائی جانے والی فلوکس سبولاٹا نامی کائی کے پھول سے مشابہت رکھتا ہے۔
ویسے تو چاند کا اس پھول سے کوئی تعلق نہیں لیکن اگر آسمان کا مطلع صاف ہو تو اس کی رنگت گلابی مائل نظر آ سکتی ہے۔
خیال رہے کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ پنک مون کے وقت زمین کا چاند سے فاصلہ کافی کم رہ جاتا ہے اور چاند ایک بلب کی طرح روشن ہوجاتا ہے، جسے بغیر کسی آلے یا کیمرے کے باآسانی دیکھا جا سکتا ہے۔
اگرچہ چاند کا اس نام کے رنگ سے کوئی تعلق نہیں ہے لیکن اگر حالات درست ہوں تو اس کی رنگت گلابی مائل نظر آسکتی ہے۔ یہ عمل عام طور پر اس وقت ہوتا ہے جب چاند افق کے قریب ہوتا ہے اور جب سورج کی روشنی چاند سے زمین کی طرف منعکس ہو کر فضا میں بادلوں، دھول، دھوئیں یا فضائی آلودگی کے ذریعے فلٹر ہو جاتی ہے۔