دماغ کو مصروف رکھنا بہت ضروری ہے ایسا سائنسی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
جو افراد ایسی نوکری کرتے ہیں جس میں ذہن کو زیادہ متحرک رکھنے کی ضرورت نہیں ہوتی تو اس سے بڑھاپے میں دماغی تنزلی کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔
یہ وارننگ ناروے میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں بتائی گئی ہے۔
اوسلو یونیورسٹی ہاسپٹل کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ عمر کی تیسری، چوتھی، 5 ویں یا چھٹی دہائی میں ملازمت کے دوران دماغ کو زیادہ استعمال نہ کرنے سے معمولی تنزلی کا خطرہ 66 فیصد جبکہ ڈیمینشیا کا خطرہ 37 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
اس کے مقابلے میں ذہنی طور پر زیادہ سرگرم رکھنے والی ملازمت عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی افعال کو تحفظ فراہم کرتی ہے جبکہ ڈیمینشیا کا خطرہ بھی گھٹ جاتا ہے۔
اس تحقیق میں 7 ہزار افراد ایسے ملازمت پیشہ افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی جن کی صحت کا جائزہ 30 سال کی عمر سے لے کر ریٹائرمنٹ تک لیا گیا تھا۔
محققین نے بار بار ایک جیسے کام کرنے والی ملازمت کے لیے روٹین جاب کی اصطلاح استعمال کی اور اسے دماغی صحت کے لیے تباہ کن قرار دیا۔
محققین کے مطابق زیادہ تر لوگ ایک ہی روٹین جاب کرتے ہیں جیسے تعمیراتی ورکرز، گھریلو ملازمین یا دیگر۔
انہوں نے بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ ہماری ملازمت بھی دماغی صحت کے لیے اہم ہوتی ہے۔
درحقیقت ہماری ملازمت یادداشت کو مستحکم رکھنے اور دیگر دماغی افعال کو بڑھاپے میں صحیح طریقے سے چلانے کے لیے اہم ہوتی ہے۔