اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر موثر اور زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری شدہ موبائل سمز کو بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں ماڈل نادرا دفاتر قائم کئے جائیں،عوام کی سہولت کے لئے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی فیس ختم کی جارہی ہے۔ وہ جمعرات کو نادرا ہیڈ کوارٹر کے تفصیلی دورہ کے موقع اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ہیڈ کوارٹر آمد پر چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈکوارٹر کی پوری عمارت کا دورہ کیا اور پرنٹنگ سمیت تمام شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ماڈل نادرا آفس کے قیام سے سروس ڈلیوری میں بہتری آئے گی اور عوام کو سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نادرا پاکستان کی پہچان ہے،عوام کو تیز رفتار سروس فراہم کرنے کےلیےنادرا کے ماڈل آفس بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ماڈل تھانوں کے قیام سے عوام کو سہولت کے ساتھ امیج میں بھی بہتری آئی۔ انہوں نے کہا کہ پیدائش، موت، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹس کے مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کرنے کے لیے یونین کونسل دفاتر کے ساتھ ملکر سہل نظام متعارف کرایا جائے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریوں کے ڈیٹا کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایاجائے، عوام کی سہولت کیلئے موبائل پلیٹ فارمز پر مزید سہولیات فراہم کی جائیں، ادارے کے اقدامات کی ترویج کیلئے سوشل میڈیا کو موثر طریقے سے استعمال کیا جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے موجودہ چئیرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی بہترین کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا۔انہوں نے کہا کہ چئیرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیرافسر نے انتہائی محنت سے فرائض انجام دے کر نادرا کو پبلک فرینڈلی ادارہ بنایا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے سول رجسٹریشن میں بہترین خدمات انجام دینے پر ادارے کی خدمات کی تعریف کی گئی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو نادرا ہیڈ کوارٹر میں تمام شعبوں کے بارے بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈکوارٹر کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔چئیرمین نادرا نے 25 ۔ 2024 کے لیے نادرا کا روڈ میپ پیش کیا جس میں تحت جدید و مرحلہ وار سکیورٹی آرکیٹیکچر، سائبر سکیورٹی آڈٹ اور ملازمین کی سائبر سکیورٹی سے متعلق آگاہی شامل ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ نادرا سٹریٹجک پلان میں شہریوں کی سو فیصد رجسٹریشن کے سلسلے میں اقدامات کی تفصیل بھی دی گئی۔ نادرا ٹیکنالوجی و انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور رجسٹریشن مراکز کے آن لائن پلیٹ فارمز کو بھی بہتر بنائے جائے گا ۔جس سے مقامی شہریوں سمیت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی ان سہولتوں تک موثر انداز میں رسائی حاصل ہو گی۔نادرا رجسٹریشن سنٹرز پر سیلف سروس کیوسک قائم کرنے اور موبائل رجسٹریشن فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ منتخب مراکز پر شفٹوں کے اوقات کو بڑھانے اور ہفتہ وار تعطیل کے دنوں میں بھی سروس فراہم کرنے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو نادرا سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا،نادرا کے بورڈ ممبران اور نادرا کے تمام اعلی حکام نے شرکت کی۔