انگلش پریمیئر لیگ ، مانچسٹر سٹی اور آرسنل نے اپنے میچز جیت لئے

اے پی پی  |  Apr 04, 2024

لندن۔4اپریل (اے پی پی):انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی اور آرسنل کی ٹیموں نے اپنے میچز جیت لئے ، مانچسٹر سٹی نے آسٹن ولا کو 1-4 گول اور آرسنل کی ٹیم نے لیوٹن ٹائون کو 0-2 گول سے مات دی جبکہ برینٹ فورڈ اور برائٹن اینڈ ہوو البیون کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوگیا۔ انگلش پریمیئر لیگ کے 32 ویں سیزن کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری ہے۔

جمعرات کو دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی اور آسٹن ولا کی ٹیموں کے درمیان اتحاد سٹیڈیم مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں فل فوڈن کی جاندار ہیٹ ٹرک اور روڈریگو ہرنینڈز کے ایک گول کی بدولت مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے آسٹن ولا کو ایک کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔ فل فوڈن نے تین اور روڈریگو ہرنینڈز نے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ آسٹن ولا کی طرف سے واحد گول جان ڈوران نے میچ کے 20 ویں منٹ میں سکور کیا۔

اس فتح کے بعد دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی لیگ میں فتوحات کی تعداد 20 ہوگئی اور وہ 67 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر تاحال تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ ایمریٹس سٹیڈیم لندن میں کھیلے گئے میچ میں آرسنل اور لیوٹن ٹائون کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں ای پی ایل پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ ٹیم آرسنل نے لیوٹن ٹائون کو 0-2 گول سے ہرا دیا۔

مارٹن اوڈیگارڈ اور دائیکی ہاشیوکا نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم آرسنل کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس کامیابی کے بعد آرسنل کی ای پی ایل میں اپنی فتوحات کی تعداد 21 ہوگئی ہے اور وہ سب سے زیادہ 68 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر اپنی ٹاپ پوزیشن کو برقرار رکھے ہوئےہے۔ اسی طرح برینٹ فورڈ اور برائٹن اینڈ ہوو البیون کی ٹیموں کے درمیان جی ٹیک کمیونٹی سٹیڈیم، برینٹ فورڈ میں کھیلا گیا میچ بغیر کسی گول کے ختم ہوگیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More