صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی ملاقات

اے پی پی  |  Apr 03, 2024

اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی اور انھیں پاکستان کے صدر اور مسلح افواج کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ۔ چیف آف آرمی اسٹاف نے صدر مملکت کی کامیاب مدت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ملاقات کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف نے صدر مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا ۔ انھوں نے ملاقات میں روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی۔

بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں سمیت ترقیاتی منصوبوں میں فوج کے کردار بارے بھی آگاہ کیا۔ملاقات میں صدر مملکت نے پاکستان کی مسلح افواج کے مثالی کردار کو سراہا۔صدر مملکت نے کہا کہ ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی حیثیت کی حامل رہی ہیں ۔صدر مملکت نے متاثرہ علاقوں کی سماجی ترقی کے لیے فوج کی کوششوں کو بھی سراہا۔صدر مملکت نے قومی ترقی کی جانب پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا۔

صدر مملکت نےدہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ۔ صدر مملکت نے قومی طاقت کے تمام عناصر کے ذریعے دہشت گردی کا بھرپور جواب دینے کے قومی عزم کا اظہار کیا ۔صدر مملکت کا ایک مخصوص سیاسی جماعت اور اس کے چند افراد کی جانب سے ادارے اور اسکی قیادت کے خلاف محدود سیاسی مفادات کے حصول کیلئے لگائے گئے بے بنیاد اور بلاجواز الزامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔ صدر مملکت کا رخنہ ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا ۔

صدر مملکت نےقوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون ہمیشہ پاکستانی قوم کی استقامت اور طاقت کی علامت رہے گا ۔صدر مملکت نے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔صدر مملکت نےشہداء اور ان کے خاندانوں کی عزت و تکریم کیلئے قوم کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا ۔ملاقات میں پاکستان میں امن، سلامتی اور ترقی کی اقدار برقرار رکھنے کیلئے یکجہتی اور عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More