سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا چینی سفارتخانہ کا دورہ ،چینی سفیر سے ملاقات

اے پی پی  |  Apr 02, 2024

اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے منگل کو چینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ سے ملاقات کی۔سپیکر قومی اسمبلی نے شانگلہ بشام کے مقام پر دہشت گردوں کے حملے میں چینی انجینئرز کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق چینی انجینئرز کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں،پاکستان کی پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں نے چینی انجینئرز پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،

چین پاکستان کا بااعتماد دوست اور ہر مشکل وقت کا ساتھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام دہشت گردی کے اس واقعہ میں جاں بحق چینی انجینئرز کے اہلخانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین کی سدا بہار دوستی پر فخر ہے،چینی باشندوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا گھناؤنی شازش ہے،پاکستان کی پارلیمان، عوام اور سکیورٹی فورسز پاک۔چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے پر عزم ہیں،

پاکستان کی پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتیں چینی انجینئرز کی ہلاکتوں پر افسردہ ہیں۔پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں چین کی پارلیمنٹ، حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،چینی انجینئرز پر حملہ ناقابل برداشت ہے،چینی انجینئرز پر حملہ کرنے والے عناصر اور سہولت کاروں کا کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،مشکل کی اس گھڑی میں جاں بحق چینی انجینئرز کے غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے چینی سفارتخانہ میں رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں جاں بحق چینی انجینئرز کے اہلخانہ کیلئے تعزیتی تاثرات بھی قلم بند کئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More