آسٹریلیا کو مستقبل قریب میں کئی دہائیوں تک جاری رہنے والی شدید خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تحقیقی رپورٹ

اے پی پی  |  Apr 02, 2024

کینبرا۔2اپریل (اے پی پی):آسٹریلیا کو مستقبل قریب میں کئی دہائیوں تک جاری رہنے والی شدید خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔شنہوا کے مطابق آسٹریلیا کی نیشنل یونیورسٹی کے ماہرین نے 850 اور 2000 کے درمیان آسٹریلیا میں آنے والے خشک سالی کے سپیلز کا آب و ہوا کےمتعدد ماڈلز کا استعمال کرتے ہوئے اس غرض سے مطالعہ کیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ وہ مستقبل میں کیسے تبدیل ہو سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق 20 ویں صدی میں جنوب مغربی اور مشرقی آسٹریلیا میں خشک سالی صنعتی دور سے پہلے کے زمانے کے مقابلے میں اوسطاً طویل تھی ۔

اس کےنتائج کا تجزیہ کرتے ہوئے ماہرین نے خبردار کیا کہ آسٹریلیا کومستقبل قریب میں طویل عرصہ تک جاری رہنے والے خشک سالی کے سپیلز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جن کی طوالت میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے ساتھ اضافہ ہو سکتا ہے۔تحقیقی رپورٹ کے شریک مصنف جارجی فالسٹر نے کہا کہ ہمارے سامنے آنے والے نتائج میں سے ایک یہ ہے کہ آسٹریلیا میں مستقبل میں کسی خشک سالی کا دورانیہ ان تمام مدتوں سے کہیں زیادہ طویل ہو سکتا ہے جس کا ماضی میں مشاہدہ کیا ہے اور یہ 20 سال یا اس سےبھی زیادہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں آئندہ خشک سالی کے دورانیے میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا کا مرے ڈارلنگ بیسن جو سب سے بڑا زرعی علاقہ ہے اور جس میں جنوبی آسٹریلیا ، نیو ساؤتھ ویلز، وکٹوریہ، کوئنز لینڈ اور آسٹریلین کیپیٹل ٹیریٹری شامل ہیں خشک سالی سے خاص طور سےزیادہ متاثر ہو سکتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مستقبل میں خشک سالی کے اثرات کو کم کرنے کے لیےآسٹریلوی باشندوں کو پانی ذخیرہ کرنے اور انتظامی منصوبوں اور کمیونٹی سپورٹ نیٹ ورکس کے ساتھ مل کر اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More