درجنوں اموات کا سبب بننے والے ہارٹ پمپ سے محتاط رہنے کی ہدایت

بی بی سی اردو  |  Mar 31, 2024

Reuters

امریکہ کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے ایک ہارٹ پمپ سے محتاط رہنے سے متعلق الرٹ جاری کیا ہے جسے 49 اموات سے جوڑا گیا۔

امراض قلب میں استعمال ہونے والے آلات ’امپیلا‘ میں بائیں رُخ کے پمپ کا استعمال حساس آپریشنز اور شدید دل کے دورے کی صورت میں ہوتا ہے۔ اس آلے کی مدد سے مصنوعی طور پر دل دھڑکتا رہتا ہے۔

لیکن ریگولیٹر نے متنبہ کیا ہے کہ اگر اسے غلط استعمال کیا گیا تو یہ دل کے بائیں وینٹرکل (حصے) کی دیوار میں سوراخ کر سکتا ہے۔

ڈیوائس بنانے والی کمپنی ابیومیڈ نے پمپ کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔

21 مارچ کو ایف ڈی اے کی ویب سائٹ پر پوسٹ کی گئی ایک سمری میں اس اقدام کو ’سب سے سنگین ری کال‘ کی فہرست میں شامل کیا گیا کیونکہ اگر ڈیوائس کو غلط طریقے سے استعمال کیا جاتا ہے تو اس سے سنگین نتائج یا موت کا خطرہ ہوتا ہے۔

ایجنسی نے متنبہ کیا کہ مذکورہ پمپ کا استعمال سنگین نتائج کا سبب بھی بن سکتا ہے، جیسے ’ہائی بلڈ پریشر، خون کے بہاؤ کی کمی اور موت‘۔

لیکن اس نے مزید کہا کہ پمپ کو ری کال یعنی واپس بلایا جانا تصحیح کا اقدام ہے اور ایسا نہیں کہ پمپ میں کوئی خرابی ہے۔ لہذا ڈیوائس مارکٹ میں موجود رہے گی۔

ایف ڈی اے کے مطابق 10 اکتوبر 2021 سے امریکہ میں ایسے 66390 پمپ تقسیم ہوئے تھے جن کے بارے میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ایف ڈی اے کی طرف سے اس ڈیوائس کو 2008 میں منظوری ملی تھی۔

پمپ میں ایک کیتھیٹر (ٹیوب) ہے جس کے آخر میں ایک چھوٹا ہُک ہوتا ہے۔ یہ خون کی نالیوں کے ذریعے بائیں وینٹرکل تک جاتا ہے۔ وینٹرکل دل کا ایک کلیدی چیمبر ہے جو جسم کے گرد آکسیجن سے بھرا خون پمپ کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

پمپ بنانے والی کمپنی ابیومیڈ کو 2022 میں جانسن اینڈ جانسن نے خرید لیا تھا۔ کمپنی کے ترجمان نے روئٹرز کو بتایا ’یہ نوٹیفکیشن ڈیوائس کو ہٹانے کا نہیں ہے اور ہارٹ پمپ مارکیٹ میں موجود ہیں، مریضوں کے لیے دستیاب ہیں۔‘

ایجنسی نے کہا کہ ابیومیڈ نے سب سے پہلے اکتوبر 2021 میں پوسٹ کیے گئے تکنیکی بُلیٹن میں پمپ داخل کرنے کے دوران دل میں سوراخ کے خطرے کا انکشاف کیا تھا لیکن اس وقت ایف ڈی اے کو یہ معلومات نہیں دی گئی تھیں۔

ایف ڈی اے نے 2023 کے اوائل میں اس کا معائنہ کیا، اور ستمبر میں کمپنی کو متنبہ کیا۔ اسے دوسری چیزوں کے علاوہ دل کے سوراخ کے خطرے پر اپ ڈیٹ دینے میں ناکامی پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

ایجنسی نے کہا کہ وارننگ لیٹر کے نتیجے میں ابیومیڈ نے سال کے آخر میں ’ارجنٹ میڈیکل ڈیوائس کریکشن لیٹر‘ جاری کیا۔

اس لیٹر میں ہارٹ پمپ کو صحیح طریقے سے استعمال کرنے کے لیے نظرثانی شدہ ہدایات شامل ہیں۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ پمپ کی ٹیوب کو کیسے استعمال کرنا ہے، اس کی کیا پوزیشن ہونی چاہیے اور ٹیوب موڑتے وقت امیجنگ کے ذریعے کیسے خطرے کو ٹالا جاسکتا ہے۔

ہارٹ اٹیک سے ہونے والی اچانک اموات کے واقعات کیوں بڑھ رہے ہیں؟عارضہ دل کےعلاج میں ذہنی صحت پر توجہ ضروریکارڈیک اریسٹ یا حرکت قلب بند ہونے کی وجوہات کیا ہو سکتی ہیں؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More