مادر وطن کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لئے شجاعت و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے قوم کے بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اے پی پی  |  Mar 20, 2024

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادر وطن کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لئے شجاعت و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے قوم کے بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ حملہ آوروں کے خلاف بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کو شاباش دیتا ہوں۔وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے بہادر بیٹے دہشت گردوں کے خلاف اپنی جانوں کے قیمتی نذرانے دے کر ارض پاک کا تحفظ کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے جس بہادری اور بروقت کارروائی سے حملہ ناکام بنایا اور حملہ آوروں کو جہنم واصل کیا، وہ قابل تحسین ہے،گوادر، بلوچستان کے امن کو نشانہ بنانے والے پاکستان اور اس کے عوام کی معاشی ترقی اور مہنگائی سے نجات کے عمل کو متاثر کرنا چاہتے ہیں،اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی حمایت سے پاکستان کے خلاف تمام اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لئے شجاعت و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے قوم کے بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں،قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی مسلح افواج، پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔وزیراعظم نے شہدا ءکے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More