چین سی پیک کے اپ گریڈ ورژن کی تعمیر کے لیے پانچ کوریڈوربنانے کو تیار ہے،ترجمان چینی وزارت خارجہ

اے پی پی  |  Mar 20, 2024

بیجنگ۔20مارچ (اے پی پی):چین نے سی پیک بارے میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے مثبت ریمارکس کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دونوں ممالک کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فوائد پہنچانے کے لیے پاکستان کے ساتھ ترقی ،روزگار کے فروغ کی راہداری، جدت پسندی کے لیے کام کرنے کو تیار ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے فلیگ شپ پراجیکٹ کا اپ گریڈ ورژن ہے ۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے معمول کی بریفنگ کے دوران اے پی پی کے نمائندہ کے سوال کے جواب میں کہا کہ چین پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے مثبت ریمارکس کو سراہتا ہے اور سی پیک کے اپ گریڈ ورژن کی تعمیر کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ وزیر اعظم نے گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں چین کے سفیر جیانگ زیڈون سے بات چیت کے دوران اس بات پر زور دیا تھا کہ پاکستان سی پیک کے اگلے مرحلے میں جانے کا خواہشمند ہے جس میں پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیز) کو فعال کرنا شامل ہے۔

چینی خبر رساں ایجنسی شنہوا ا کو انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان راہداری کے ذریعے تکنیکی ترقی اور زراعت کے فروغ کے لیے سی پیک کے دوسرے مرحلے کی طرف بڑھنے کے لیے تیار ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کہا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا ایک اہم فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ میں نقل و حمل، انفراسٹرکچر، توانائی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کی ابتدائی نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ لین جیان نے نشاندہی کی کہ گزشتہ سال دونوں فریقوں نے سی پیک کے آغاز کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا دونوں ممالک کے رہنما سی پیک کی اعلیٰ معیار کی پیشرفت پر ایک نئے اہم مشترکہ سمجھوتے پر پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کی طرف سے اہم مشترکہ مفاہمت پر عمل کیا جا سکے،مختلف شعبوں میں تعاون، نئی ترقی کو فروغ دینےاور دونوں ممالک کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فوائد پہنچانے کے لیے سی پیک کا اپ گریڈ ورژن بنانے کے سلسلے میں ترقی کی راہداری کی تعمیر، روزگار کے مواقع کی راہداری، اختراعی راہداری، گرین کوریڈور اور ایک کھلی راہداری کو مضبوط تر بنایا جائے گا۔ 2013 میں شروع ہونے والا چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا فلیگ شپ منصو بہ سی پیک گوادر بندرگاہ کے ذریعے پاکستان کو چین کے شمال مشرقی خود مختار علاقے سنکیانگ سے ملا رہا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان توانائی ، ٹرانسپورٹ اور صنعت کے شعبوں میں تعاون کو اجاگر کرتا ہے۔ سی پیک کے ذریعے چین نے گزشتہ عشرے کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 25 ارب ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری کی ہے اور روزگار کے مواقع پید ا کئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More