سیئول۔20مارچ (اے پی پی):جنوبی کوریا کے حکام نے ملکی و غیر ملکی 10 موٹر ساز کمپنیوں کو سب بار سیفٹی سٹینڈر ڈ کی خلاف ورزی پر 10.26 ارب وان (7.7 ملین ڈالر) جرمانہ عائد کیا ہے۔شنہوا کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارت لینڈ،انفراسٹرکچر و ٹرانسپورٹ نے بدھ کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ ملک کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی ہنڈائی موٹرز اور 9 دیگر کمپنیوں کو سب بار سیفٹی سٹینڈرڈ کی خلاف ورزی پر کل 7.7 ملین ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا،دیگر میں ووکس ویگن گروپ کوریا، مرسڈیز بینز کوریا، فورڈ سیلز اینڈ سروس کوریا، پورشے کوریا، جی ایم کوریا، بی ایم ڈبلیو کوریا، ہونڈا کوریا، ٹویوٹا موٹر کوریا اور نسان کوریا شامل ہیں،یہ جرمانے جنوری اور جون 2023 کے درمیان نامناسب حفاظتی معیار کے خلاف اصلاحی اقدامات کے طور پر کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ووکس ویگن گروپ کوریا پر 3.5 بلین وان (2.6 ملین ڈالر) کا سب سے بڑا جرمانہ عائد کیا گیا، اس کے بعد مرسڈیز بینز کوریا پر 2.5 بلین وان (1.9 ملین ڈالر) کا جرمانہ عائد کیا گیا،39 ملین وان (29,140 ڈالر) کا علیحدہ جرمانہ پانچ کار ساز کمپنیوں پر عائد کیا گیا جن میں سٹیلنٹس کوریا،مرسڈیز بینز کوریا، ووکس ویگن گروپ کوریا، فورڈ سیلز اینڈ سروس کوریا اور کیا کارپوریشن شامل ہیں۔تین کمپنیوں، بشمول پورشے کوریا سٹیلنٹِس کوریا اور کیا کارپوریشن، ہر ایک پر 59 ملین وون (44,080 ڈالر) کا جرمانہ عائد کیا گیا کیونکہ انہوں نے خریداروں کو ان گاڑیوں میں لگائے گئے ناقص پرزوں کے بارے میں مطلع نہیں کیا تھا۔