ٹوکیو۔18مارچ (اے پی پی):جاپان کے وزیراعظم فومیو کِشیدا نے کہا ہے کہ انہوں نے جاپانی سیاست میں ہلچل کا باعث بننے والے فنڈ ریزنگ سکینڈل میں ملوث قانون سازوں کو سزا دینے کے لیے مرکزی حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی( ایل ڈی پی) کو کسی نتیجے پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔این ایچ کے ،کے مطابق ٹوکیو کے ایک ہوٹل میں منعقدہ پارٹی کے سالانہ اجتماع سے خطاب میں انہوں نے ایل ڈی پی کے سیکرٹری جنرل موتیگی توشی مِتسُو کو اس معاملے میں کسی نتیجے پر پہنچنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ اس سکینڈل نے سیاست میں شکوک و شبہات اور سنگین عدم اعتماد کو جنم دیا ہے، میں پارٹی کے صدر کی حیثیت سے عوام سے معذرت خواہ ہوں۔وزیر اعظم کِشیدا نے کہا کہ مختلف عوامل کو جامع انداز میں مدنظر رکھتے ہوئے اور پارٹی کی ضابطۂ اخلاق کمیٹی کے اندر تفصیلی تبادلۂ خیال کے ذریعے سخت لائحۂ عمل اختیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن معاملات پر غور کیا جائے گا ان میں سیاسی فنڈز کی رپورٹس میں غیر اندراج شدہ آمدنی کی رقم، ماضی میں قانون سازوں کے پاس رہنے والے عہدوں سمیت ان کا سیاسی پس منظر اور آیا انہوں نے احتساب کا عمل پورا کیا ہے، شامل ہے۔جاپانی وزیر اعظم نے اپنی پارٹی اور سیاست میں اصلاحات لانے میں سرکردہ کردار ادا کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا۔