غزہ میں قحط کا سامنا ، فوری جنگ بندی ضروری ہے، صدر یورپی کمیشن

اے پی پی  |  Mar 18, 2024

برسلز۔18مارچ (اے پی پی):یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وون ڈیر لین نے غزہ کی صورت حال بارے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں اس وقت قحط کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے لیے فوری جنگ بندی ضروری ہے۔

العربیہ اردو کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے قاہرہ میں صدر السیسی کے ساتھ سٹریٹجک پارٹنر شپ کے معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں قحط کا سامنا ہے اور ہم یہ قبول نہیں کر سکتے اس لیے اب فوری جنگ بندی ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ایک ایسا جنگ بندی معاہدہ ہونا ضروری ہے جس کے نتیجے میں اسرائیلی یرغمالی رہا ہوں اور غزہ میں انسانی بنیادوں پر مزید امداد کی ترسیل ممکن ہو سکے۔

اس موقع پر صدر السیسی نے کہا کہ مصر اور یورپی رہنماؤں نے رفح میں اسرائیل کے زمینی حملے کو متفقہ طور پر مستردکر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر رفح پر بھی زمینی حملہ کیا گیا تو یہ غزہ میں ہونےوالی انسانی تباہی کو دوگنا کر دے گا۔ علاوہ ازیں اس جنگی صورت حال کے فلسطین کاز پر بہت منفی اثرات مرتب ہوں گے، اس لیے مصر اسے مسترد کرتا ہے۔واضح رہے یورپی یونین نے مصر کے لیے آٹھ ارب دس کروڑ ڈالر کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے جس سے مصری معیشت کو سنبھالا مل سکے گا ،نیز اس سے ملک میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More