امریکا انسانی حقوق کے معاملات پر د ہرے معیار کا مظاہرہ بند کرے، چین

اے پی پی  |  Mar 14, 2024

بیجنگ۔14مارچ (اے پی پی):چین نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے معاملات پر د ہرے معیار کا مظاہرہ بند کرے۔ چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے گزشتہ روز دارالحکومت بیجنگ میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے شمال مغربی سنکیانگ کے خود مختار علاقہ ایغور میں سماجی استحکام، اقتصادی ترقی اور مذہبی ہم آہنگی ہے اور ایغور سمیت تمام نسلی گروہوں سے تعلق رکھنے والوں کے انسانی حقوق کا مکمل تحفظ کیا گیا ہے۔

انہوں نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سنکیانگ میں نہیں غزہ میں جنگ جاری ہے۔ سنکیانگ میں مسلمان بھوک، بے دخلی یا قتل و غارت کا شکار نہیں ہیں بلکہ غزہ کے لاکھوں مسلمان بھوک، بے دخلی اور قتل و غارت کا شکار ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ امریکا کو انسانی حقوق کے معاملات پر د ہرے معیار کا مظاہرہ بند کرنا چاہیے،

غزہ میں انسانی حقوق کے مسائل پر سیاست کرنا بند کر دینا چاہیئے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غزہ میں جنگ بندی کو فروغ دینے کی کوششوں میں رکاوٹیں ڈالنا بند کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو رمضان المبارک بارے خالی اور جھوٹے بیانات نہیں دینے چاہئیں بلکہ غزہ میں مسلمانوں کی جانیں بچانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More