ٹوکیو،جاپانی کمپنی سپیس ون کا راکٹ فضا میں بلند ہونے کے چند سیکنڈ بعد ہی تباہ

اے پی پی  |  Mar 14, 2024

ٹوکیو۔14مارچ (اے پی پی):جاپا ن کی وینچر کیپیٹل فرم سپیس ون کا کیروس راکٹ فضا میں بلند ہونے کے چند سیکنڈ بعد تباہ ہو گیا۔ این ایچ کے کے مطابق جاپا ن کی وینچر کیپیٹل فرم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ کُوشی موتو قصبے سے چھوڑا گیا سپیس ون کا کیروس راکٹ فضا میں بلند ہونے کے چند سیکنڈ بعد تباہ ہو گیا ہے۔سپیس ون نے کہا ہے کہ چھوٹا مصنوعی سیارہ لے جانے والے ٹھوس ایندھن کے اس راکٹ میں بظاہر کوئی نقص پیدا ہو گیا تھا، کمپنی ناکامی کا تفصیلی تجزیہ کر رہی ہے۔

منصوبے کے مطابق راکٹ نے تقریباً پچاس منٹ کی پرواز کے بعد 500 کلومیٹر کی بلندی پرایک چھوٹا مصنوعی سیارہ زمین کے گرد مدار میں داخل کرناتھا،اگر یہ مشن کامیاب ہو جاتا تو سپیس ون اپنے طور پر ایسا کارنامہ انجام دینے والی پہلی نجی جاپانی کمپنی کا اعزاز حاصل کر لیتی۔سیٹلائٹ کو کیبنٹ سیٹلائٹ انٹیلی جنس سینٹر نے تیار کیا تھا۔

سینٹر کے حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے کمپنی کو موجودہ صورتحال کی تصدیق کرنے اور ناکامی کی وجہ کا تعین کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے سیٹلائٹ کے ضائع ہو جانے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔مقامی ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More