ریاض۔13مارچ (اے پی پی):سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ریاض میں منعقد ہوا جس میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت روکنے اور فلسطینی عوام کے مصائب کو ختم کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا گیا۔اردو نیوز کے مطابق اجلاس میں فلسطینیوں کے تحفظ اور حق خود ارادیت کے ساتھ رہنے کے حقوق پر زور دیا گیاتاکہ وہ 1967 کی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست قائم کرسکیں جس کا دارلحکومت مشرقی القدس ہو۔ کابینہ نے سوڈانی فریقین پر زور دیا کہ وہ جدہ مذاکرات کے نتائج کی پابندی کریں جس کا مقصد اس افریقی ملک میں استحکام اور خوشحالی کے حصول کےلیے تنازعات کو روکنا اور سیاسی مذاکرات کے ذریعے بحران کا حل ہے۔اجلاس میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ریاض میں سینڈ اینڈ ڈسٹ سٹروم سے متعلق پہلی بین الاقوامی کانفرنس کے نتائج اس شعبے میں عالمی کوششوں کی سپورٹ میں معاون ثابت ہوں گے۔ کابینہ نے کہا کہ یہ کانفرنس ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے اورگرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطیٰ انیشیٹو کے ذریعے ماحولیات کے تحفظ کےلیے سعودی عرب کے اہم کردار کو اجاگر کرتی ہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ لیپ 24 کے دوران 13.4 ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے جبکہ ریاض میں ہونے والا ٹیک ایونٹ اس اہم شعبے کےلیے نئے افق کھولے گا۔