ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ، ’ٹکٹوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں‘

اردو نیوز  |  Mar 04, 2024

پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ میچ کا شمار کھیلوں کی دنیا کے ہائی وولٹیج مقابلوں میں کیا جاتا ہے۔

اسی سلسلے میں رواں برس جون میں ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں شیڈول آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں روایتی حریفوں کے درمیان ٹاکرے کے حوالے سے ایک اہم خبر سامنے آئی ہے۔

انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں 9 جون کو نیو یارک میں شیڈول پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کے لیے ٹکٹوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہے۔

پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کے لیے ٹکٹوں کی آفیشل فروخت میں ٹکٹ کی قیمت 6 ڈالر سے شروع ہوئی جس میں سب سے مہنگی ٹکٹ 400 ڈالر تک کی تھی۔

اسی طرح سٹار ہب اور سیٹ گِیک جیسے پلیٹ فارمز پر ٹکٹوں کی قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔

جو ٹکٹ 400 ڈالر میں فروخت ہو رہے تھے وہ اب ری سیل ویب سائٹس پر 40 ہزار ڈالر میں فروخت ہو رہے ہیں جبکہ اگر اُن میں پلیٹ فارم کی فیس شامل کی جائے تو ٹکٹ کی قیمت 50 ہزار ڈالر تک چلی جاتی ہے۔

یو ایس اے ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سپر باول 58 کے لیے ایک ٹکٹ کی قیمت اوسط 9 ہزار ڈالر تھی جبکہ این بی اے فائنل میں کورٹ سائڈ کی سیٹوں کی قیمتیں 24 ہزار ڈالر تک گئیں۔

سیٹ گِیک کے مطابق پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ میچ کی قیمتیں آسمانوں کو چھو رہی ہیں جس میں سب سے مہنگی ٹکٹ 1 لاکھ 75 ہزار ڈالر میں فروخت ہوئی۔

خیال رہے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ یکم جون سے کھیلا جائے گا جس کے پہلے میچ میں میزبان امریکہ کا مقابلہ کینیڈا سے ڈیلاس میں ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More