نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان کا گوادر اور گرد و نواح میں بارشوں اور سیلابی صورتحال پر افسوس کا اظہار،متعلقہ محکموں کو مربوط کارروائی کی ہدایات

اے پی پی  |  Feb 27, 2024

کوئٹہ۔ 27 فروری (اے پی پی):نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے گوادر اور گرد و نواح میں بارشوں اور سیلابی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو مربوط کارروائیوں کی ہدایت کی ہے، سی ایم سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں تاہم رابطہ سڑکیں زیر آب آنے سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے، گوادر میں مسلسل بارشوں سے غیر معمولی صورتحال پیدا ہوئی ۔

ضلعی انتظامیہ گوادر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے اور نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی ہدایات پر ریسکیو ٹیموں کو مطلوبہ مشینری فراہم کر دی گئی ہے ،زیر آب علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے ۔نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے گوادر میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور ریسکیو کارروائیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان نے پی ڈی ایم اے کو متاثرہ علاقوں میں مربوط ریسکیو کارروائیوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لئے بلا تاخیر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ریسکیو آپریشن پہلی ترجیح ہے اس کے بعد متاثرین کی بحالی کے لئے اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More