پاکستان میں ’عوام کی امنگوں کی عکاس‘ حکومت دیکھنا چاہتے ہیں: امریکہ

اردو نیوز  |  Feb 27, 2024

امریکہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں ایسی حکومت حکومت دیکھنا چاہتا ہے جو عوام کی امنگوں کی عکاس ہو۔

منگل کو واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران جب دفتر خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے پوچھا گیا کہ دھاندلی کی وسیع شکایات کے دوران پاکستان میں دو بڑی جماعتیں حکومت بنانے جا رہی ہیں، کیا امریکہ نئی حکومت کو خوش آمدید کہے گا یا پھر چاہتا ہے کہ حکومت بننے سے قبل تحقیقات کی جائیں؟

اس کے جواب میں میتھیو ملر نے کہا ’حکومت سازی پاکستان کا معاملہ ہے جو پاکستانی انجام دیتے ہیں۔ ہم اس میں فریق نہیں ہیں اور اس میں کوئی ایسی ضروری بات نہیں ہے کہ جس پر تبصرہ کیا جائے۔‘

’ہم پاکستان میں عوام کی امنگوں کی عکاس حکومت دیکھنا چاہتے ہیں۔‘  

پاکستان کے انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ ان کی تحقیقات کی جائے اور اس معاملے کو جس قدر جلدی ممکن ہو نمٹا دیا جائے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ پاکستان ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر کام کر رہا ہے جس پر ماضی میں امریکہ تحفظات کا اظہار کرتا رہا ہے کیا وہ ابھی موجود ہیں؟

اس کا واضح جواب دینے کے بجائے میتھیو ملر نے فقط اتنا کہا کہ معلومات حاصل کرنے کے بعد اس کا جواب دیں گے۔

انڈیا میں جاری احتجاج کرنے والے کسانوں پر حکومت کی جانب سے پیلٹس فائرنگ اور ڈرونز کے ذریعے آنسو گیس کی شیلنگ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر میتھیو ملر نے واضح کیا کہ انہوں نے ایسی کوئی رپورٹ نہیں دیکھی، اور اس پر وہ بعد میں بات کریں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More