نگران وفاقی وزیرتجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز کی سعودی ہم منصب سے ملاقات ،تعمیرات، ڈیجیٹل اکانومی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

اے پی پی  |  Feb 21, 2024

اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیرتجارت و داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو اس سے فائدہ حاصل کرنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے سعودی ہم منصب سے ریاض میں ملاقات کے دوران کیا ۔ وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔اس کے علاوہ تعمیرات، ڈیجیٹل اکانومی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔ سعودی عرب کے حالیہ دورے میں وزیر تجارت کے ہمراہ پاکستانی سرمایہ کاروں کا ایک وفد بھی شامل ہے ۔وفد میں عارف حبیب، محمد علی ٹبہ اور ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام کے علاوہ تاجر برادری کے دیگر اراکین بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کیلئے بھر پور کوشش کی جا رہی ہے، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سرمایہ کاری کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ اس موقع پر سعودی وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ الکسبی نے دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے پر ڈاکٹر گوہر اعجاز کوخراج تحسین پیش کیا۔

سعودی وزیر تجارت نے کہا کہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے تجارتی تعلقات کو بڑھانے کیلئے خصوصی ذاتی دلچسپی لی ہے اور ان کی اس کاوش کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہمارے بھائی ہیں اور ان کیلئےہمارے دروازے ہمیشہ سے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کیلئے سعودی عرب میں ملازمتوں کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے عوام کو فائدہ اٹھانا چاہیے ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More